لیاری میں فورسز کا آپریشن جاری بابا لاڈلا کے مزید 5 کارندے ہلاک

جھٹ پٹ مارکیٹ میں ذوہیب،سلاٹرہائوس میں اویس اورعمران،کلاکوٹ میں افضل اورکاشف مبینہ مقابلے میں مارے گئے


Staff Reporter March 15, 2014
عذیربلوچ کے کارندوں کیخلاف تاحال کارروائی نہیں ہوئی،رینجرزنے بدھ کوہلاک کیے جانیوالے6عام شہریوں کو گینگسٹرظاہرکردیا،ذرائع۔ فوٹو: فائل

HYDERABAD: لیاری میں بدھ کوگینگ وار کے ملزمان کے درمیان تصادم کے نتیجے میں19بے گناہ شہریوں کی ہلاکت کے بعدپولیس اورینجرزکاآپریشن جاری ہے،جمعے کوبابا لاڈلا گروپ کے مزید4کارندے مارے گئے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں نے گزشتہ3دن کے دوران بابالاڈلا گروپ کے15سے زائدکارندے مقابلے کے دوران مار دیے،ہلاک کیے جانے والوں میں ایک خواجہ سرا بھی شامل ہے جو لیاری جنرل اسپتال کا ملازم تھا ، مخالف گروپ کے تمام کارندوں کی علاقے میں موجودگی کے باوجودحیرت انگیز طور پر ان کے علاقوں میں کارروائی سے گریز کیا جا رہاہے۔تفصیلات کے مطابق کلاکوٹ پولیس اوررینجرز نے لیاری کھڈوی لائن میں مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران گھرگھرتلاشی لی،آپریشن کے دوران ایک شخص نے فرارہوتے ہوئے فائرنگ کی رینجرزنے جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں جھٹ پٹ مارکیٹ کے قریب وہ ماراگیا ، پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزم ک قبضے سے ایک نائن ایم ایم پستول، 20 راؤنڈ اور2ہینڈ گرینیڈبرآمدکرنے کا دعویٰ کیاہے۔ہلاک ہونے والے کی شناخت ذوہیب عرف کیپر کے نام سے کر لی گئی جوکلاکوٹ کا رہائشی اور لیاری گینگ وار کے سرغنہ نور محمدعرف بابا لاڈلا گروپ کا کارندہ تھا،ملزم ذوہیب نے دو ہفتے قبل اپنے ساتھیوں کے ہمراہ کلاکوٹ کے علاقے جنگیان ہوٹل کے قریب3افراد کوفائرنگ کر کے ہلاک کیا تھا، ملزم قتل ، اقدام قتل سمیت دیگر سنگین مقدمات میں ملوث تھا۔

ذرائع نے بتایاکہ ذوہیب کو قانون نافذ کرنے والے ادارے نے بہارکالونی سے حراست میں لیاتھا جبکہ پولیس اوررینجرز نے ایک اورکارروائی کے دوران بغدادی کے علاقے کے علاقے سلاٹرہاؤس کے قریب مقابلے کے دوران30سالہ محمد اویس میمن اورمحمدعمران میمن کوہلاک کردیا،ہلاک ہونے والوں کی لاشیں سول اسپتال پہنچائی گئیں،دونوں بابا لاڈلا کے کمانڈرندیم جاپان والاکے گروپ میں کام کرتے تھے اور پھول پتی لائن کے رہائشی تھے جبکہ پولیس نے دعویٰ کیا ہے کہ ہلاک ہونے والے ملزمان کا تعلق عذیر جان بلوچ کے کمانڈرشیراز کامریڈ گروپ سے ہے۔رینجرز نے تیسری کارروائی میں کلاکوٹ کے علاقے میں کاروائی کرتے ہوئے نور محمد عرف بابا لاڈلا کے بھائی زاہد لاڈلا کے2ساتھیوں افضل بارودی اورکاشف لاراکوجوابی فائرنگ میں ماردیا۔واضح رہے لیاری میں لڑائی کے دوران بدھ کو19 بے گناہ شہری جاں بحق جبکہ گینگ وار کے3 ملزمان آپس کی فائرنگ میں مارے گئے تھے ،مذکورہ واقعے کے چندگھنٹوں میں قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بابا لاڈلا گروپ کے خلاف آپریشن شروع کر دیاتھا اور دیکھتے ہی دیکھتے اس کے9 کارندوں کومقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

ہلاک ہونے والوں میں لیاری جنرل اسپتال کا وارڈ بوائے عثمان عرف حنیف بھی شامل تھاجس کے بارے میں پولیس نے بتایا تھا کہ قتل کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھا،علاقہ مکینوں نے ایکسپریس کو بتایا کہ عثمان کلاکوٹ کا رہائشی اورخواجہ سرا تھا۔مکینوں نے کہا کہ جس طرح بابالاڈلا گروپ کے کارندے چن چن کر مارے جارہے ہیں اسی طرح عذیر گروپ کے خلاف بھی کارروائیاں کی جائیں تاکہ علاقے میں سکون ہوسکے۔مکینوں نے بتایا کہ عذیر بلوچ گروپ سے تعلق رکھنے والے شیراز کامریڈ ، نعیم لاہوتی ، ملا نثار،امجد لاشاری ، سرور اور فیصل پٹھان اپنے مسلح ساتھیوں کے ساتھ نہ صرف علاقے میں موجود ہیں بلکہ کھلے عام ایک مقام سے دوسرے مقام پر آجارہے ہیں۔جمعرات کی شب سے رینجرزنے دبئی چوک ، علی محمد محلہ ، رانگی واڑہ ، عیدو لائن ، پھول پتی لائن اور گل محمد محلے کا محاصرہ کیا ہوا ہے اور چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کرتے ہوئے ایک ایک گھر میں پانچ پانچ بار داخل ہو رہے ہیں ۔مکینوں نے الزام لگایاہے کہ عذیربلوچ سے مبینہ طور پر ملی ہوئی ہے۔

لیاری گینگ وار کے سرغنہ غفار زکری کے بھائی شیراز زکری نے ایکسپریس سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ پہلے دن رینجرز نے جن9افراد کو مارا تھا اس میں ہمارے صرف 3 ساتھی تھے دیگر6لڑکوں سے ہمارا کوئی تعلق نہیں لیکن وہ ہمارے علاقے میں رہائش پذیرتھے جس کے وجہ سے رینجرز نے ان کومار کرہماراساتھی ظاہرکردیا۔رینجرز نے مختلف علاقوں میں کارروائیاں کرتے ہوئے 5 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان میں ٹارگٹ کلر بھی شامل ہیں ، رینجرز کے ترجمان میجر سبطین کے مطابق لیاری کے علاقے بغدادی میں کارروائی کرتے ہوئے گینگ وار کے تاجو گروپ سے تعلق رکھنے والے ملزم کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا ،ایک اور کارروائی میں کورنگی صنعتی ایریا میں ٹارگٹ کلر نصر اللہ سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرلیا ، ملزمان قتل ، اقدام قتل ، بھتہ خوری ، اغوا برائے تاوان اور دیگر جرائم میں ملوث ہیں ، ملزمان کو تفتیش کی غرض سے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں