ترکی کے شام کی سرحدی چوکیوں پر فضائی حملے 17 افراد ہلاک

یہ کارروائی کرد جنگجوؤں کے حملے میں ترک فوجی کی ہلاکت کے جواب میں کی، ترک وزارت دفاع


ویب ڈیسک August 17, 2022
ترک فوج کے فضائی حملے میں 3 شامی فوجی بھی مارے گئے، فوٹو: فائل

شام کی سرحدی چوکیوں پر ترک فضائیہ کے طیاروں نے بمباری کی جس کے نتیجے میں کرد جنگجوؤں سمیت 17 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ترکی اور شام کے علاقے کوبان میں امریکی حمایت یافتہ کرد جنگجوؤں کے درمیان جھڑپوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ترکی فوج نے سرحدی چوکیوں پر سلسلہ وار فضائی حملے کیے جس میں شامی فوجی اہلکار اور کرد جنگجو سمیت 17 افراد ہلاک ہوگئے۔

ترک وزارت دفاع کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ کارروائی کرد علیحدگی پسند جماعت سیریئن ڈیموکریٹک فورسز کے جنگجوؤں کے ہماری سرزمین پر حملے جواب میں کی جس میں ایک ترک فوجی شہید بھی ہوا تھا۔

شام میں انسانی حقوق پر نگاہ رکھنے والی تنظیم 'سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس' نے ترک فوج کے حملے میں 17 ہلاکتوں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ہلاک ہونے والوں میں 3 شامی فوجی بھی شامل ہیں جب کہ زیادہ تعداد کرد جنگجوؤں کی ہے۔

شام کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق شامی فوج کے ترجمان نے کہا ہے کہ ہمارے مسلح افواج کی نگرانی والے کسی بھی فوجی چوکی پر کسی بھی حملے کا تمام محاذوں پر براہ راست اور فوراً جواب دیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ترکی اور شام کے کرد جنگجوؤں کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہتی ہیں جب کہ دو سال قبل کردوں کے علاقوں میں ترک فوجیوں نے آپریشن کلین اپ کا بھی آغاز کیا تھا جو تاحال جاری ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں