کراچی میں پلاسٹک کی تھیلیوں کی تیاری اور فروخت پر پابندی
پابندی 18 اکتوبر تک برقرار رہے گی، نوٹیفکیشن
کمشنر کراچی اقبال میمن نے شہر میں پلاسٹک کی تھیلیوں کی تیاری اور فروخت پر پابندی عائد کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق اس ضمن میں نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔ کمنشنر کراچی اقبال میمن نے کہا کہ پلاسٹک کی تھیلیوں سے برساتی نالوں اور سیوریج کا نظام شدید متاثر ہوتا ہے، جس کی وجہ سے پلاسٹک کی تھیلیوں پر پابندی لگائی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پابندی 18 اکتوبر تک برقرار رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکم نامے پر عمل درآمد کے لیے ضلعی انتظامیہ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔
کمشنر کراچی نے کہا کہ تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز کو ہدیات کی گئی ہے کہ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف مقدمات درج کریں۔
3 برس قبل بھی سندھ حکومت نے پلاسٹک تھیلیوں کی تیاری، فروخت، اور استعمال پر پابندی عائد کی تھی۔ اس حوالے سے پلاسٹک بیگ سے متعلق عوامی آگاہی مہم بھی چلائی گئی تھی۔