پنجاب میں ملازمین احتجاج پرمجبوراورجنگلہ بس سروس پر اربوں روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے پرویزالہٰی

جو بھی مسلم لیگ(ق) چھوڑ کر گیا قدرت نے اس کا برا حال کردیا، سابق وزیر اعلیٰ پنجاب


ویب ڈیسک March 15, 2014
مال بنانے کے لئے پنجاب یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا، پرویز الہیٰ فوٹو؛ایکسپریس نیوز

سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ صوبے میں سرکاری ملازمین احتجاج پرمجبور ہیں جب کہ جنگلہ بس سروس پر اربوں روپے کی سبسڈی دی جارہی ہے۔

لاہور میں اقلیتی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے مسلم (ق) کے رہنما پرویز الہیٰ نے کہا کہ آج نرسیں سڑکوں پر ہیں کل کلرک بھی ہوں گے پنجاب حکومت کو چاہئے کہ جنگلا بس بنانے کی بجائے مسائل حل کئےجائیں، جنگلہ بس سروس پر ماہانہ ایک ارب روپے سبسڈی دی جارہی ہے اور مال بنانے کے لئے پنجاب یوتھ فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جو بھی ہماری پارٹی چھوڑ کر گیا قدرت نے اس کا برا حال کردیا۔

چوہدری پرویز الہیٰ نے کہا کہ موجود حکومت کا ایک بھی منصوبہ ایسا نہیں جس طرح ہمارے دور میں شروع کئے گئے، ہم نے ہر شعبے پر توجہ دی اور خاص طور پر اقلیتی برادری کےلئے بھارتی شہر امرتسر سے بس سروس شروع کی گئی اور ننکانہ صاحب کو ضلع کا درجہ دے کر شاندار سڑکیں بنائیں جب کہ ہندو برادری کی عبادت گاہوں کے لئے بھی کام کئے۔ اگر حکومت کو اقلیتی برادری سے محبت ہوتی تو آج جو تھر میں ہورہا ہے وہ نہ ہوتا اگر تھرپارکر سے منتخب نمائندوں کے ساتھ رابطہ ہوتا تو تھر کے لوگوں کے مسائل حل ہو جاتے لیکن حقیقت یہ ہے کہ حکمران وہاں صرف ووٹ لینے گئے اور بعد میں اپنے ووٹروں کو بھول گئے۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔