فیلڈنگ میں غلطیاں کم کیں تو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ جیت سکتے ہیں شاہد آفریدی

ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے ایک متوازن ٹیم بنائی گئی ہے اورہمیں جیت کے لئے منصوبہ بندی کے مطابق کھیلنا ہوگا، شاہد آفریدی


ویب ڈیسک March 15, 2014
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا بہت ہی مختصر فارمیٹ ہے اس میں کسی بھی ٹیم کو فیورٹ نہیں کہا جا سکتا، شاہد آفریدی۔ فوٹو؛ ایکسپریس نیوز

قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی نے کہا ہے کہ ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں کسی بھی ٹیم کو فیورٹ نہیں کہا جا سکتا اگر ہم نے فیلڈنگ میں غلطیاں کم کیں تو اچھا نتیجہ آئے گا۔

کراچی میں بحریہ ٹاؤن کی جانب سے ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف شاندار کارکردگی پر پلاٹ دینے کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہد آفریدی کا کہنا تھا کہ اگر ہم غلطیاں دہراتے رہے تو کبھی ٹیم جیتے گی اور کبھی ہار کا سامنا کرنا پڑے گا، ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے لئے ایک متوازن ٹیم بنائی گئی ہے اور میدان میں جتنی غلطیاں کم کریں گے اتنا ہی نتیجہ بھی اچھا آئے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں جیت کے لئے منصوبہ بندی کے مطابق کھیلنا ہوگا، ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا بہت ہی مختصر فارمیٹ ہے اس میں کسی بھی ٹیم کو فیورٹ نہیں کہا جا سکتا، بھارتی ٹیم بہت اچھی ہے لیکن اس پر برا وقت آیا ہوا ہے۔

شاہد آفریدی کا کہنا تھا بنگلا دیش میں ایشیا کپ کھیل کر وہاں کی صورت حال اور پچز سے بخوبی واقف ہوگئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پلاٹ انعام کے طورپر دینے پر وہ ملک ریاض اور بحریہ ٹاؤن کے مشکور ہیں۔

واضح رہے کہ ایشیا کپ میں بھارت کے خلاف شاندارکارکردگی سے قومی ٹیم کو جتوانے پر بحریہ ٹاؤن کے چیرمین ملک ریاض نے شاہد آفریدی کو تحفے کے طور پر بحریہ ٹاؤن میں ایک کنال کا پلاٹ دینے کا اعلان کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں