عمران خان نے سلمان رشدی پر حملے کو ’ناقابل جواز‘ قرار دے دیا

میرے خیال میں یہ خوفناک، افسوسناک ہے، چیئرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک August 19, 2022
—فائل فوٹو

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے امریکا میں ہونے والے حملے میں شاتم رسول ملعون سلمان رشدی پر چاقو سے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مصنف کے خلاف مسلمانوں کا غصہ سمجھ میں آتا ہے لیکن حملے کا جواز نہیں بنتا۔

گارجین کی رپورٹ کے مطابق عمران خان نے دوران انٹرویو کہا کہ 'میرے خیال میں یہ خوفناک، افسوسناک ہے'۔

عمران خان نے کہا کہ "سلمان رشدی سمجھ گیا کیونکہ وہ ایک مسلمان گھرانے سے تعلق رکھتا ہے، وہ ہمارے دلوں میں بسنے والے پیغمبرکی محبت، احترام، تعظیم کو جانتا ہے، وہ جانتا تھا، لیکن جو ہوا اس کا جواز نہیں بنتا۔

مزیدپڑھیں: نیویارک میں گستاخانہ کتاب کے مصنف سلمان رشدی پر حملہ

خیال رہے کہ سلمان رشدی پر نیویارک میں ایک تقریب کے دوران حملہ ہوا جس میں وہ شدید زخمی ہوا۔ ڈاکٹرز کے مطابق ملعون سلمان رشدی کو تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا تھا۔


واضح رہے کہ ملعون سلمان رشدی پر حملہ کرنے والے نوجوان کی شناخت 24 سالہ ہادی مطر کے نام سے ہوئی جو امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے فیئر ویو کے رہائشی ہیں۔ امریکی پولیس نے حملہ آور کو گرفتار کرلیا ہے۔




برطانوی اخبار کے مطابق عمران خان نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ شہباز گل کو اس لیے نشانہ بنایا گیا کیونکہ اس نے کہا تھا کہ فوجی افسران کو غیر قانونی احکامات پر عمل نہیں کرنا چاہیے۔سابق وزیر اعظم نے کہا کہ 'وہ اسے یہ کہنے پر مجبور کر رہے ہیں کہ میں نے ہی اسے یہ کہنے کے لیے کہا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ شہباز گل کے ساتھ جو کچھ کر رہے ہیں وہ سب کو پیغام مل رہا ہے'۔

عمران خان نے کہا کہ 'اور انہوں نے ہمارے کارکنوں کو ڈرایا ہے، سوشل میڈیا کے کارکنوں کو اٹھایا گیا اور وہ لوگوں کو ڈرانے کی کوشش کر رہے ہیں'۔



تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں