بھارت سے میچ سابق فاسٹ بولر نے پاکستان کو فیورٹ قرار دیدیا

ون ڈے فارمیٹ کے اہمیت کھونے کا سبب لیگز کی بھرمار ہے، سرفراز نواز


Muhammad Yousuf Anjum August 20, 2022
(فوٹو: ٹوئٹر) ون ڈے فارمیٹ کے اہمیت کھونے کا سبب لیگز کی بھرمار ہے، سرفراز نواز

سابق فاسٹ بولر سرفراز نواز نے ایشیا کپ کے بھارت سے میچ میں پاکستان کو فیورٹ قرار دے دیا۔

لندن میں مقیم 74 سالہ سرفراز نواز نے پاکستان کرکٹ کی سب سے بڑی ویب سائٹ www.cricketpakistan.com.pk کو انٹرویو میں کہا کہ کرکٹ میں بولرز ہی زیادہ تر میچز جتواتے ہیں، جسپریت بمرا اور محمد شامی کی عدم موجودگی میں بھارتی ٹیم کی بولنگ لائن میں زیادہ کاٹ نہیں، پاکستان ایک بہتر پلاننگ کے ساتھ گذشتہ میچ کی کارکردگی دہراسکتاہے۔

انھوں نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی شروع میں وکٹیں لے کر تمام ٹیموں کے لیے اس وقت بڑا خطرہ بن چکے ہیں، دوسری جانب بابر اعظم کی صورت میں پاکستان کے پاس ایک ورلڈ کلاس بیٹسمین موجود ہے،ان کے کور اور آن ڈرائیوز دیکھنے سے تعلق رکھتے ہیں، وہ جب زیادہ رنز بنائیں تو پاکستان میچ جیت جاتاہے، جب جلدی آئوٹ ہوں تو ٹیم مشکل میں پڑجاتی ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستان سے میچ بھارت کے اعصاب پر سوار

ریورس سوئنگ کے بانی نے ٹیم کی بولنگ کو مضبوط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس وقت ہمارے بولرز کسی بھی حریف کو پریشان کرسکتے ہیں۔ البتہ ان میں لمبے اسپیلز کا دم خم نہیں اور جلدی تھک جاتے ہیں،انھیں فٹنس پر زیادہ دھیان دینا چاہیے۔

سرفراز نواز نے کہا پاکستانی ٹیم اس وقت اچھا پرفارم کررہی ہے لیکن اصل امتحان بڑی ٹیموں کے خلاف سیریز ہوگا، وہاں پتہ چلے گا کہ کھلاڑیوں میں کتنا دم ہے، خود کو منوانے کے لیے مضبوط ٹیموں کے خلاف پرفارم کرنا ہوگا۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت میچ کے ساتھ دیگر میچز کی ٹکٹ خریدنے کی شرط عائد

انھوں نے کہا کہ ون ڈے فارمیٹ کے اہمیت کھونے کی وجہ لیگز کی بھرمار ہے، آئی سی سی کو اس میں کچھ تبدیلیاں کرنا پڑیں گی۔سرفراز نواز نے کہا کہ پاکستان میں پچز کا معیار بہت پست ہے، ڈیڈ پچز پر کھیل کر جب پلیئرز باہر جاتے ہیں تو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے،پی سی بی کو اس جانب توجہ دینی چاہیے۔

سرفراز نواز نے کہا کہ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ فکسنگ کا مکمل سدباب نہ ہونے کی اہم وجہ ہے،اسے روکا نہیں جاسکتا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں