آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہونی چاہیے عمران خان
جنرل باجوہ کی توسیع سے متعلق کچھ نہیں جانتا، سلمان رشدی سے زیادہ غلیظ انسان کوئی نہیں،ڈیجیٹل میڈیا انفلوئنسرز سے گفتگو
یہ میرا آخری قدم ہوگا اس حد تک نہیں جانا چاہتا، چیرمین پی ٹی آئی
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اسلام آباد بند کرنا چاہوں تو آسانی سے کرسکتا ہوں، سلمان رشدی سے زیادہ غلیظ انسان کوئی نہیں۔
عمران خان سے ڈیجیٹل میڈیا انفلوئنسرز نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیئرمین اور سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ عوام میرے ساتھ کھڑے ہیں سب کو پتا چل گیا، لیکن عوامی سپورٹ کے ساتھ بھاری ذمہ داری بھی آتی ہے، آج سوشل میڈیا پر سازش نہیں بلکہ سمت کی اصلاح نظر آرہی ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد بند کرنا چاہوں تو آسانی سے کرسکتا ہوں لیکن یہ میرا آخری قدم ہوگا اس حد تک نہیں جانا چاہتا، کیونکہ ملک کو معاشی نقصان ہو سکتا ہے، لہذا سوچ سمجھ کر فیصلہ کرنا ہوگا، پاکستان کے چوروں کو پشت پناہی کرنے والے پھنس گئے ہیں، یہ الٹا بھی لٹک جائیں تو مجھے نا اہل نہیں کراسکتے۔
انہوں نے کہا کہ شہباز گل نے ٹی وی پر جو کہا اصغر خان کیس میں ججز کے وہی ریمارکس ہیں، تو کیا اس بات پر ججز کو بھی پکڑا جائے گا؟ پی ٹی آئی کو شہداء سے متعلق منفی مہم میں جان بوجھ کر ٹارگٹ کیا گیا، عظمیٰ بخاری سے کہیں اپنے خاوند کو پولیس کی تحویل میں دیں، جو شہباز گل سے اگلوانا ہے وہ عظمی کا خاوند اگل دے گا۔
عمران خان نے بتایا کہ پنجاب حکومت میں آنے کا مقصد قبل از وقت انتخاب اور حمزہ کو باہر کرنا تھا، پنجاب حکومت میں مجھے اتنی ہی دلچسپی تھی کہ حمزہ ککڑی کو نکالا جائے کیوںکہ وہ ہمارے لوگوں کو پکڑ رہا تھا، پنجاب میں پولیس اہلکاروں کو تبدیل کرنا چاہا تو بتایا گیا کہ چڑیا گھر سے فون آگیا ہے ٹرانسفر نہیں ہوں گے۔
حکومت کی میثاق معیشت سے متعلق پیشکش پر عمران خان نے جواب دیا کہ شہباز شریف سنجیدہ ہیں تو بھائی کی اربوں کی جائیداد ملک لے آئیں۔
سلمان رشدی سے زیادہ غلیظ انسان کوئی نہیں
چیرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں عاشق رسول ﷺ ہوں نبیؐ سے محبت تک ایمان مکمل نہیں ہوتا، سلمان رشدی سے زیادہ غلیظ انسان کوئی نہیں وہ فتنہ ہے، میں نے اپنے انٹرویو میں سیالکوٹ میں سری لنکن شہری کے قتل کے واقعے کا حوالہ دیا تھا کہ کسی کو اجازت نہیں ہونی چاہیے کہ قانون ہاتھ میں لے کر کسی کو بھی قتل کردے، سیالکوٹ واقعے پر پاکستان کو جس طرح عالمی سطح پر اجاگر کیا گیا وہ افسوس ناک تھا۔
جنرل باجوہ کی توسیع سے متعلق کچھ نہیں جانتا
انہوں نے کہا کہ آرمی چیف جنرل باجوہ کی توسیع سے متعلق کچھ نہیں جانتا، ہر روز کوئی نئی کہانی سننے کو ملتی ہے، تقرری کے معاملے پر پاکستان کو سوچنا ہوگا۔
یہاں آرمی چیف کی تبدیلی ایک قومی ایشو بن جاتا ہے
عمران خان نے کہا کہ نیوٹرلز کو فیصلہ کرنا ہے کہ وہ عوام کے ساتھ ہیں یا ان چوروں کے ساتھ، 20 سال کرکٹ کھیلی مجھے نہیں یاد کبھی اخبار میں آرمی چیف کی تبدیلی کا پڑھا ہو، یہاں آرمی چیف کی تبدیلی ایک قومی ایشو بن جاتا ہے۔
آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہونی چاہیے
انہوں ںے کہا کہ ہمیں یہ بھی دیکھنا چاہیے کہ فوج کے اندر میرٹ پر آرمی چیف بننا چاہیے، اگر ایک تعیناتی کی وجہ سے یہ سب کچھ ہورہا ہے تو ملک کی بڑی بدقسمتی ہے، فوج ملک کو اکٹھا نہیں کرسکتی ملک کو سیاسی جماعتیں اکٹھا رکھتی ہیں۔
صحافی نے سوال کیا کہ پی ٹی آئی دور حکومت میں بھی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں ہوتی رہیں کیا انہیں بھی غلط کہیں گے؟ جس پر عمران خان نے کہا کہ میں نے اپنے دور میں کسی کے ساتھ ایسا سلوک کرنے کا آرڈر نہیں دیا، کسی چینل کو نہ بند کروایا اور نہ کسی اینکر کو آف کروایا۔
انہوں نے کہا کہ مطیع اللہ جان اور دو افراد ایسے تھے ان سے متعلق پتا چلا تو فوری طور پر ان سے متعلق ایکشن کا آرڈر دیا، اس کے علاوہ بھی ہم نے اپنے دور حکومت میں کسی پر دباؤ نہیں ڈالا۔
عمران خان نے کہا کہ یہ الیکشن میں جتنی تاخیر کریں گے ہمارا ہی فائدہ ہے، ہماری پارٹی کی مقبولیت بڑھتی جاری ہے، پنجاب، خیبرپختونخوا اور کشمیر میں ہماری حکومت ہے، جب چاہیں اسلام آباد بند کردیں مگر پھر سوچتا ہوں ملک کے معاشی حالات خراب ہیں۔