پاکستان جونیئر لیگ کا منصوبہ تاحال جان نہ پکڑ سکا

اسٹریمنگ کیلیے4 کروڑ20 لاکھ ریزرو پرائس،واحد کمپنی نے 70 لاکھ کی بولی لگائی


Saleem Khaliq August 21, 2022
44 کروڑ80 لاکھ ریزرو پرائس پر 9 کروڑ کی بولی پرٹائٹل اسپانسرکا ٹینڈر منسوخ۔ فوٹو: پی سی بی

پاکستان جونیئر لیگ کا منصوبہ تاحال جان نہ پکڑ سکا جب کہ اسٹریمنگ رائٹس لینے کیلیے صرف ایک امیدوار کمپنی سامنے آئی۔

پاکستان جونیئر لیگ چیئرمین پی سی بی رمیز راجہ کا ڈریم پروجیکٹ ہے، انھوں نے اکتوبر میں پہلے ایڈیشن کے انعقاد کا اعلان کیا تھا، حقوق کی فروخت کیلیے کچھ عرصے سے کوششیں جاری ہیں مگر سامنے آنے والا ردعمل خاصا مایوس کن ہے، ٹائٹل اسپانسر شپ کے بعد لائیو اسٹریمنگ ٹینڈر میں بھی بورڈ کو سخت مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

مزید پڑھیں: جونیئر لیگ؛ عمران طاہر کومینٹورز میں شامل کرنے کا فیصلہ

ذرائع نے بتایا کہ صرف ایک ہی پارٹی سامنے آئی،ایک سالہ معاہدے کیلیے نجی اسپورٹس چینل نے صرف70 لاکھ روپے کی بڈ دی، یہ ریزرو پرائس 4 کروڑ 20 لاکھ روپے کا تقریبا17 فیصد بنتا ہے، مذکورہ چینل کو بھی تین سالہ معاہدے میں زیادہ دلچسپی ہے مگر بورڈ بعض وجوہات کی بنا پر ایک برس کا ہی کنٹریکٹ چاہتا ہے، اب پیر کو مذاکرات ہوں گے البتہ صورتحال میں بڑی تبدیلی کا امکان نہ ہونے کے برابر ہے۔

یاد رہے کہ رواں ماہ کے اوائل میں ٹائٹل اسپانسر شپ کیلیے بھی ریزرو پرائس کے 25 فیصد سے بھی کم کی بولی لگی تھی، اس میں تین کمپنیز شریک ہوئیں، ایک کو بڈسیکیورٹی جمع نہ کرانے پرڈس کوالیفائی کر دیا گیا تھا، بورڈ نے 3 سال کیلیے 44 کروڑ80 لاکھ روپے ریزرو پرائس رکھی تھی، دونوں کمپنیز نے سالانہ 3 اور تین سال کیلیے 9 کروڑ روپے کی بولی دی تھی۔

مزید پڑھیں: جونئیر لیگ کے مینٹورز کتنا پیسہ کمائیں گے؟

نئی بڈ جمع کرانے میں بھی زیادہ اضافہ نہ ہونے پر پی سی بی نے ٹینڈر منسوخ کرتے ہوئے خود ہی ٹائٹل اسپانسر شپ کی فروخت کا فیصلہ کیا تھا، ٹی وی رائٹس میں بھی ممکنہ عدم دلچسپی نظر آنے پر سرکاری چینل پر ہی میچز دکھانے کا فیصلہ کیا جا چکا، آمدنی میں سے 72 فیصد حصہ پی سی بی اور 28 فیصد چینل کا ہوگا۔

ذرائع کے مطابق انگلینڈ سے سیریز کے بعد ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ بھی ہونا ہے، ایسے میں جونیئر لیگ میں کون دلچسپی لے گا، ویسے بھی لوگ اسٹارز کو دیکھنا پسند کرتے ہیں، بچوں کے میچز کی کامیابی کا امکان کم ہے۔

مزید پڑھیں: جونیئر لیگ؛ ٹائٹل اسپانسرکیلیے 25 فیصد سے بھی کم کی آفر

دوسری جانب چیئرمین بورڈ کو انگلینڈ میں چھٹیاں مناتے ایک ماہ سے زائد وقت ہو چکا، وہ آئی سی سی میٹنگز کے بعد سے واپس نہیں آئے،ان کی عدم موجودگی میں کئی حل طلب معاملات التوا کا شکار ہیں۔ بورڈ ترجمان کے مطابق وہ کرکٹ سے متعلق چند میٹنگز کی وجہ سے وہاں رک گئے ہیں۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |