عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر

سماعت کل پیر کو پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس اعجاز انور کریں گے

(فائل: فوٹو)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو نااہل قرار دینے کے لیے پشاور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی گئی جس کی سماعت کل ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے بعد اب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کے کاغذات نامزدگی کو پشاورہائی کورٹ اپیلیٹ الیکشن ٹریبونل میں بھی چیلنج کردیا گیا جس کی سماعت کل پیر کو پشاور ہائی کورٹ کے جج جسٹس اعجاز انور کریں گے۔

مزید پڑھیں: پیمرا نے عمران خان کی براہ راست تقریر نشر کرنے پر پابندی عائد کردی


درخواست گزار شہری علی حیدر نے موقف اختیار کیا ہے کہ عمران خان نے توشہ خانہ سے لی گئی اشیا کی قیمت اور ٹیکس ریٹرن جمع نہیں کرایا، عمران خان نے جہلم میں القدر ٹرسٹ کے لیے لی گئی زمین بھی ٹیکس کاغذات میں ظاہر نہیں کی جب کہ عمران خان القدر ٹرسٹ کے رکن ہیں۔


اسی سے متعلق : عمران خان کی نااہلی کے لیے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر

درخواست گزار نے مزید کہا کہ عمران خان کے خلاف 2014ء سے مختلف کیسز زیرالتوا ہیں، عمران خان پر فارن فنڈنگ کے کیسز بھی ہیں، عمران خان صادق اور امین نہیں رہے اس لیے انہیں نااہل قرار دیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں : نفرت انگیز تقریر: عمران خان کی گرفتاری کیلئے مقدمہ درج کرنے کی درخواست

دریں اثنا عمران خان کے خلاف اسلام آباد میں فوج اور اداروں کے خلاف نفرت انگیز تقریر کرنے پر مقدمہ کے اندراج کے لیے درخواست جمع کروادی گئی۔
Load Next Story