احتجاج پرامن تھا کامیاب ہڑتال پر عوام کے شکر گزار ہیں
اتوارکو ایکشن کمیٹی کا اجلاس طلب کرلیا،جلال محمود شاہ کی پریس کانفرنس
سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے چیئرمین اور سندھ بچائو کمیٹی کے سربراہ سید جلال محمود شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کے عوام نے نام نہاد بلدیاتی آرڈیننس کیخلاف مکمل شٹربند اور پہیہ جام ہڑتال کرکے ثابت کر دیاکہ وہ اس آرڈیننس کو کسی بھی صورت میں قبول نہیں کریں گے۔
حیدر منزل پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ریاستی اداروں کی غنڈہ گردی کے باوجود عوام نے کامیاب ہڑتال کی جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں، انھوں نے کہا کہ ہماری ہڑتال پرامن تھی تاہم حکومت اور اس کی اتحادی جماعت نے میرپور خاص میں ہمارے ایک کارکن کو شہید جبکہ حیدرآباد میں6سے زائد کارکنان پر فائرنگ کرکے ان کو شدید زخمی کردیا۔
انھوں نے کہا کہ16ستمبر کو ہم نے ایکشن کمیٹی کا اجلاس طلب کیا ہے جس میں تمام سیاسی جماعتیں بیٹھ کر آئندہ لائحہ عمل کا اعلان کریںگی، ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ ہمارے شہید کارکن اور زخمیوں کی ایف آئی آر حکومتی جماعتوں کے خلاف درج کی جائے، اگر اس میں کوتائی کی گئی تو ہم سخت ردعمل کا اظہار کرینگے۔