شاہ لطیف ٹاؤن میں بھنگ کی فصل کاشت کرنے کا انکشاف

اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھنگ کی فصل کو آگ لگا دی

شاہ لطیف ٹائون میں بڑے پیمانے پر کاشت کی گئی بھنگ کی فصل کو ٹریکٹر کے ذریعے تباہ کیاجارہا ہے جبکہ اے این ایف کا اہلکار بھی موجود ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹائون میں بڑے پیمانے پر بھنگ کی فصل کاشت کرنے کا انکشاف ہوا ہے، اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ اور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بھنگ کی کاشت کو تلف کرکے 3 افراد کو حراست میں لے لیا ہے، بھنگ کی کاشت سے حاصل ہونے والی آمدنی گینگ وار میں استعمال ہو رہی ہے۔


تفصیلات کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ کراچی کے قرب و جوار میں بھنگ کی فصل کاشت کی جا رہی ہے جس پر اے این ایف نے فوری طور پر شہر کے مختلف علاقوں میں گشت کرنے کا عمل شروع کردیا اور کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹائون میں ملیر میمن گوٹھ کے قریب8 سے 10ایکٹر اراضی پر کاشت کی جانے والی بھنگ کی فصل کا سراغ لگا لیا، اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ اور ڈسٹرک پولیس ملیر نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے8 سے 10ایکٹر اراضی پر کاشت کی جانے والی بھنگ کی فصل کو آگ لگا دی اور ٹریکٹر کی مدد سے تلف کر دیا، جائے وقوع سے3 افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جنھیں نامعلوم مقام پر منتقل کرکے پوچھ گچھ کا عمل جاری ہے۔

ترجمان اینٹی نارکوٹکس فورس سندھ نے بتایا کہ کراچی کے قرب و جوار میں بھنگ کی فصل کی کاشت ایک نیا عمل ہے اور اینٹی نارکوٹکس فورس کو ایسی اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ کاشت کی جانے والی بھنگ کی فصل سے حاصل ہونے والی آمدنی گینگ وار میں بھی استعمال ہو رہی ہے، انھوں نے بتایا کہ چوری چھپے بھنگ کی کاشت ملک کے مختلف حصوں میں ہوتی ہے اور اس سے حاصل شدہ آمدنی عام طور پر مختلف سماجی برائیوں کو جنم دیتی ہے، بھنگ اور پوست کی کاشت کو تلف کرنے والے قانون نافذ کرنے والے اداروں میں اینٹی نار کوٹکس فورس سر فہرست ہے،اینٹی نارکوٹکس فورس اپنے فرائض اس حوالے سے تندہی سے سرانجام دے رہے ہیں۔
Load Next Story