شدید بارشوں سے ریلوے ٹریک بری طرح متاثر پانچ ٹرینیں تین روز کیلیے منسوخ

منسوخ کی گئی ٹرینوں میں عوام، تیزگام، پاکستان، قراقرم اور کراچی ایکسپریس شامل ہیں


ویب ڈیسک August 22, 2022
فوٹو : ٹویٹر/پاکستان ریلوے

سندھ اور بلوچستان میں شدید بارشوں سے ریلوے ٹریک متاثر ہونے کے بعد پشاور، راولپنڈی، لاہور اور کراچی کے درمیان چلنے والی پانچ ٹرینوں کو ریلوے نے تین روز کے لیے منسوخ کر دیا۔

منسوخ کی گئی ٹرینوں میں عوام ایکسپریس، تیزگام ایکسپریس، پاکستان ایکسپریس، قراقرم ایکسپریس اور کراچی ایکسپریس شامل ہیں جبکہ کوئٹہ کو جانے والی بولان میل اور جعفر ایکسپریس پہلے ہی معطل کی جا چکی ہیں۔

چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے فرخ تیمور غلزئی نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا کہ شدید بارشوں سے سندھ اور بلوچستان میں ہمارے ٹریکس اور یارڈز متاثر ہوئے ہیں، سیفٹی کے مدنظر دو سے تین روز کے لیے چند ٹرینوں کا آپریشن کینسل کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جو مسافر ریفنڈ لینا چاہتے ہیں وہ لے سکتے ہیں، باقیوں کو دوسری ٹرینوں میں ایڈجسٹ کر دیا جائے گا۔

اس سے قبل، سندھ کے علاقے ٹنڈو مستی اور گمبٹ کے درمیان ریلوے ٹریک پر شگاف پڑنے سے کراچی جانے والی ڈاؤن کی 14 ٹرینوں کو مختلف ریلوے اسٹیشنوں پر روک لیا گیا تھا جنہیں اب دوبارہ روانہ کر دیا گیا ہے۔

محکمہ ریلوے نے اپنی ٹویٹ میں بتایا تھا کہ پاکستان ریلوے سکھر ڈویژن میں مسلسل 12 گھنٹے بارش کے باعث ریلوے ٹریک پر شگاف پڑ گئے ہیں۔

خیرپور میں رات سے رکی ہوئی شالیمار ایکسپریس کو دوپہر میں روانہ کیا گیا جبکہ سکھر ایکسپریس کو بیگماجی، خیبر میل اور فرید ایکسپریس کو روہڑی پر روانہ کیا گیا ہے۔

اسکے علاوہ پاکستان ایکسپریس کو پنوعاقل، علامہ اقبال ایکسپریس کو گھوٹکی، تیزگام ایکسپریس کو میرپور ماتھیلو، ملت ایکسپریس کو ڈہرکی، قراقرم ایکسپریس کو صادق آباد، رحمان بابا ایکسپریس کو رحیم یار خان، عوام ایکسپریس کو خان پور جنکشن، گرین لائن ایکسپریس کو لیاقت پور، کراچی ایکسپریس کو ڈیرہ نواب صاحب، سر سید ایکسپریس کو بہاولپور اور ہزارہ ایکسپریس کو لودھراں جنکشن پر روکا گیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں