عمران خان کی زیر صدارت اجلاس حکومت کو مزید ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ
پی ٹی آئی قیادت کی عمران خان کی گرفتاری کے خلاف اقدامات پر مشاورت، وزیر داخلہ پنجاب کو اہم ہدایات جاری
تحریک انصاف نے عمران خان کی گرفتاری کے معاملے پر حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق عمران خان کی زیر صدارت تحریک انصاف کے سابق ایم این ایز اور سینیٹرز کا اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں عمران خان کی ممکنہ گرفتاری کے حوالے سے مشاورت کی گئی۔
ذرائع کے مطابق کراچی میں ضمنی انتخاب پر پی ٹی آئی کی جیت پر اظہار تشکر کیا گیا ساتھ ہی شہباز گل کی پولیس تحویل اور میڈیکل رپورٹس پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : دہشت گردی کا مقدمہ: عمران خان کی 3 روزہ راہداری ضمانت منظور
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں حکومت کو مزید ٹف ٹائم دینے پر اتفاق ہوا جب کہ عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔
عمران خان کی اپنی گرفتاری سے متعلق وزیر داخلہ پنجاب کو اہم ہدایات
دریں اثنا عمران خان سے وزیر داخلہ پنجاب ہاشم ڈوگر نے ملاقات کی جس میں عمران خا ن نے اپنی گرفتاری کی صورت میں وزیر داخلہ کو اہم ہدایات جاری کردیں۔
ملاقات میں صوبہ پنجاب میں امن و امان اور سیکیورٹی کی صورتحال، عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں پنجاب حکومت کی حکمت عملی پر مشاورت کی گئی۔ عمران خان کی پنجاب میں عوامی مہم سے متعلق مختلف امور پر بھی مشاورت ہوئی۔
عمران خان اور چوہدری پرویز الہی کے درمیان ملاقات، گرفتاری پر بات چیت
مزید برآں چیرمین تحریک انصاف عمران خان سے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہی نے ملاقات کی جس میں چوہدری مونس الہیٰ بھی میں موجود تھے۔ ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے تحریک انصاف پر ہونے والی انتقامی کارروائیوں کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ پنجاب حکومت ہر طرح سے تحریک انصاف کے ساتھ کھڑی ہے، عمران خان اور دیگر رہنماؤں کی سیکیورٹی کے حوالے سے ہر طرح کے انتظامات کریں گے۔
چوہدری پرویز الہی نے پنجاب کی سیاسی اور انتظامی صورتحال سے چیئرمین عمران خان کو آگاہ کیا۔ چیئرمین تحریک انصاف کی صوبائی حکومت کو عوامی فلاح کے منصوبوں خصوصاً صحت کارڈ اور احساس پروگرام پر خصوصی توجہ مرکوز رکھنے کی ہدایت دی ساتھ ہی مہنگائی کی چکی میں پستے ہوئے عوام کے لیے صوبائی وسائل سے بہترین ریلیف کی فراہمی کے اقدامات کی بھی ہدایت دی۔