پولیس کی ’’کارکردگی‘‘ عدالتی چھاپے پر شہری کو 11 برس پرانے مقدمے میں ملوث کردیا

بیلف کو دیکھتے ہی گارڈن تھانے کے افسران نے شہری کودہائی پرانے مقدمے میں گرفتار ظاہر کردیا، تھانیدار وافسرعدالت میں طلب


Staff Reporter March 16, 2014
تھانہ گارڈن نے بیٹے کو گرفتار کرکے 2 لاکھ روپے طلب کیے غربت کے باعث وہ رقم ادا نہیں کرسکتی، درخواست گزار زیتون بی بی۔ فوٹو: فائل

عدالتی حکم پر ہیڈ بیلف کے گارڈن تھانے پر چھاپے کے دوران پولیس نے افراتفری میں محبوس شہری کو ایک دہائی پرانے مقدمے گرفتار ظاہر کردیا، عدالتی عملے نے شہری کا بیان لیکر تھانیدار اور ڈیوٹی افسر کو پیر کے دن عدالت میں پیشی کا حکم دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی احمد صبا کے حکم پر ہیڈ بیلف مدثر حسین کی سربراہی میں بیلف محمد عارف نے مغوی صابر کو بازیاب کرانے کیلیے تھانہ گارڈن پر چھاپہ مارا عدالتی عملے کو دیکھتے ہی پولیس نے جلد بازی میں مغوی کو11برس پرانے مقدمے میں ملوث کردیا عدالتی عملے نے ایس ایچ او اور ڈیوٹی افسر کو پیر کو عدالت کے روبرو مکمل ریکارڈ کے ہمراہ پیش ہونے کا حکم دیا ہے، قبل ازیں درخواست گزار مسماۃ زیتون بی بی نے وکیل کے توسط سے ضابطہ فوجداری کی ایکٹ491کے تحت حبس بے جا کی درخواست میں موقف اختیار کیا تھا کہ تھانہ گارڈن نے 3 روز قبل اس کے بیٹے کو رات 2 بجے گھر میں داخل ہوکر حراست میں لیا اور حوالات میں بند کرکے رہائی کیلیے 2 لاکھ روپے طلب کیے غربت کے باعث وہ رقم ادا نہیں کرسکی تاہم سود پر 50 ہزار روپے لیے تھے لیکن پولیس 2 لاکھ روپے کا ہی تقاضا کررہی ہے۔

درخواست میں بیٹے کی باز یابی کی استدعا کی تھی، ہفتے کو سیشن جج نے عدالتی عملے کو گارڈن تھانے پر چھاپہ مارنے اور مغوی کی بازیابی کا حکم دیا اس موقع پر عدالتی عملے نے مغوی کو حوالات میں موجود پایا اور اس کا بیان قلمبند کیا جس نے بتایا کہ اسے 2 روز قبل حراست میں لیا گیا جبکہ ایس ایچ او نے بتایا کہ ملزم کو پولیس مقابلہ اور اسلحہ ایکٹ کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے عدالتی عملے نے ریکارڈ چیک کیا ایف آئی آر نمبر 59/03 اسلحہ ایکٹ جوکہ فروری 2003 کو درج کی گئی تھے عدالتی عملے نے ذمے دار مذکورہ افسران کو17مارچ کو عدالت میں پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں