لاہور میں بچوں سے بدفعلی کی کوشش پر قاری اور فیکٹری سپروائزر گرفتار

ایک واقعہ غازی آباد اور دوسرا واقعہ گارڈن ٹاؤن میں پیش آیا


ویب ڈیسک August 23, 2022
لاہور غازی آباد سے گرفتار کیے گئے مدرسے کے قاری کی تھانے میں تصویر (ٖفوٹو : پولیس)

لاہور میں بچوں سے زیادتی کی کوشش کے دو واقعات میں مدرسے کے قاری اور فیکٹری سپروائزر کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پہلا واقعہ گارڈن ٹاؤن میں پیش آیا جہاں پولیس نے مددگار 15 کی کال پر بروقت کارروائی کرتے ہوئے احتشام نامی بچے سے بدفعلی کی کوشش کرنے والے ملزم تصور کو گرفتار کرلیا۔

ایس ایچ او گارڈن ٹاؤن راؤ نعیم کے مطابق ملزم نے اپنے آفس میں بچے سے زیادتی کرنے کی کوشش کی تھی، ملزم تصور فیئر سیکیورٹی کمپنی میں بطور سپروائزر کام کرتا ہے، ملزم بچے کو جان سے مارنے کی دھمکیاں بھی دیتا تھا، ملزم کے خلاف مقدمہ درج کرکے قانونی کارروائی شروع کردی گئی ہے۔

ایس پی حسن جاوید بھٹی نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ معصوم بچوں کے ساتھ جنسی استحصال میں ملوث عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، انہیں سخت سزا دلانے کے لیے تمام قانونی اقدامات کیے جائیں گے۔

دوسرا واقعہ غازی آباد میں پیش آیا جہاں 10 سالہ بچے سے بدفعلی کی کوشش کرنے والے قاری کو گرفتار کرلیا گیا۔

ایس پی کینٹ عیسیٰ سکھیرا کے مطابق 10 سالہ بچے کے ساتھ بد فعلی کی کوشش کرنے والا ملزم قاری عبدللہ کو گرفتار کیا گیا ہے، بچہ گھر سے مدرسے پڑھنے گیا تو ملزم بچے کو ورغلا کر مدرسے کے کمرے میں لے گیا، نازیبا حرکات کی اور تشدد کیا، بچے کے والد اعجاز احمد کی مدعیت میں ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔