پاکستان نے ٹی 20 ورلڈ کپ میں ہیوی ویٹس کے ناک آؤٹ کا منصوبہ بنالیا

پاکستان کے گروپ میں بھارت، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیمیں شامل ہیں، اس لیے اسے گروپ آف ڈیتھ بھی قرار دیا گیا


Sports Desk March 16, 2014
ڈھاکا: پاکستانی کپتان محمد حفیظ پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے ہیں، انھوں نے ورلڈٹی 20میں شاندار کارکردگی پیش کرنے کا عزم ظاہر کر دیا،گرین شرٹس کا پہلا مقابلہ 21 مارچ کو بھارت سے ہوگا

لاہور: پاکستان نے گروپ ہیوی ویٹ حریفوں کو ناک آئوٹ کرنے کا منصوبہ بنالیا، کپتان محمد حفیظ کہتے ہیں کہ صرف بھارت ہی نہیں آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے بھی پر کترنے کی پلاننگ کرچکے ہیں، ہم روایتی حریف سے مقابلے میں دبائو سے لطف اٹھائیں گے، پہلا معرکہ سر کرلیا تو باقی مہم آسان ہوجائے گی، شاہد آفریدی پیر کو جوائن کرسکتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے گروپ 2 میں بھارت، آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز جیسی ٹیمیں شامل ہیں، اس لیے اسے گروپ آف ڈیتھ بھی قرار دیا گیا،محمد حفیظ کا کہنا ہے کہ وہ بڑے حریفوں کو ناکوں چنے چبوانے کی مکمل پلاننگ کرچکے ہیں۔ پاکستان کا پہلا مقابلہ جمعے کے روز بھارت سے ہوگا جسے ہائی وولٹج میچ قرار دیا جارہا ہے، حفیظ نے کہاکہ ہم اس مقابلے کے حوالے سے دبائو سے پریشان نہیں، ساتھ میں انھوں نے اپنی ٹیم کو بھی خبردار کیاکہ وہ روایتی ٹیم سے بدحواس نہ ہوں،اس سے ان کا 2009 کی ورلڈ ٹوئنٹی 20 فتح کی تاریخ دہرانے کا مقصد ادھورا رہ جائے گا۔ کپتان نے ڈھاکا میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاک بھارت مقابلے ہمیشہ ہی کافی پریشر والے ہوتے ہیں مگر ہم بطور ٹیم کافی خوش ہیں، اس کی وجہ پہلا ہی میچ پڑوسی ملک سے ہونا ہے، اگر ہم اس میں اچھی کارکردگی پیش کریں تو پھر باقی میچز آسان ہوجائیں گے، آپ اس ٹورنامنٹ کی کسی بھی ٹیم کو آسان سمجھنے کی بیوقوفی نہیں کرسکتے، ہم اپنے سفر کے فاتحانہ آغاز کی پوری کوشش کریں گے۔

بھارت سے میچ میں پریشر ہوتا ہے مگر ہم اس سے لطف اٹھائیں گے، ہم نے ایشیا کپ میں بلو شرٹس کو زیر کیا، اب قیادت دھونی کے پاس ہے جو ایک اچھے پلیئر ہیں، مگر ہمارے مدمقابل کوئی بھی ہو مقصد فتح حاصل کرنا ہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ میڈیا میں ہمیشہ پاک بھارت معرکوں کے حوالے سے کافی جوش و خروش پایا جاتا ہے، مگر ہم صرف ایک ٹیم کو ہی ہدف نہیں بنائے ہوئے بلکہ ہم نے آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کیلیے بھی منصوبہ بندی کی ہے، یہ دونوں بھی بہترین ٹیمیں اور ہم سب کے ساتھ مقابلے کیلیے تیار ہیں، ہمارے گروپ میں ہی اس بار تقریباً سارے فیورٹس شامل ہیں، یہ ٹیم کے لیے ایک بہترین چیلنج ثابت ہوگا، ہم کسی بھی چیز کو آسانی سے نہیں لے سکے، ہر میچ میں فتح کیلیے 100 فیصد صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ شاہد خان آفریدی کی فٹنس کے حوالے سے سوال پر محمد حفیظ نے کہا کہ پاکستان سے روانگی سے قبل ہی ہمارے منیجر نے واضح کردیا تھا کہ آل رائونڈر فٹ ہیں ہم انھیں آرام کا تھوڑا اور موقع فراہم کرنا چاہتے تھے تاکہ وہ مکمل طور پر فٹ ہوکر ہمیں جوائن کریں،وہ پیر کو یہاں پہنچ جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں