لمپی اسکن بیماری کے تدارک کیلیے خیبرپختونخوا میں خصوصی مہم شروع کرنیکا فیصلہ

مہم کے دوران 70 لاکھ مال مویشیوں کو لمپی اسکن ڈیزیز سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائینگے، فیصلہ


ویب ڈیسک August 23, 2022
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت لمپی اسکن ڈیزیز سے متعلق اجلاس۔ (فوٹو : فائل)

خیبر پختوںخوا حکومت نے جانوروں میں تیزی سے پھیلتی لمپی اسکن بیماری کے موثر تدارک کے لیے بڑے پیمانے پر خصوصی مہم شروع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کی زیر صدارت لمپی اسکن ڈیزیز سے متعلق اجلاس ہوا،جس میں صوبہ بھر میں بیماری کی تازہ صورتحال کا جائزہ اور آئندہ کے لائحہ عمل سے متعلق اہم فیصلے کیے گئے۔

مہم کے دوران 70 لاکھ مال مویشیوں کو لمپی اسکن ڈیزیز سے بچاؤ کے ٹیکے لگائے جائیں گے اور اس مقصد کے لیے ہنگامی بنیادوں پر انجیکشن خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

محکمہ خزانہ کو بڑے پیمانے پر ویکسین کی خریداری کے لیے درکار فنڈز ترجیحی بنیادوں پر فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی جبکہ کم سے کم وقت میں زیادہ سے زیادہ مویشیوں کو ٹیکے لگانے کے لیے افرادی قوت کی دستیابی کے لیے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان کا کہنا تھا کہ لمپی اسکن ڈیزیز کا بروقت تدارک اس وقت صوبائی حکومت کی اہم ترجیح ہے کیونکہ لائیو اسٹاک صوبے کے ذیادہ تر لوگوں کا واحد ذریعہ آمدن ہے، اس بیماری کے مزید پھیلنے کی صورت میں غریب لوگوں کو بہت نقصان پہنچنے کا خدشہ ہے اس لیے لوگوں کو اس ممکنہ نقصانات سے بچانے کے لیے بروقت اور نتیجہ خیز اقدامات کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ہدایت دی کہ محکمہ لائیو اسٹاک، ضلعی انتظامیہ اور دیگر تمام متعلقہ محکمے فوری طور پر ایک قابل عمل پلان ترتیب دے کر اس پر عملدرآمد کو یقینی بنائیں، اس سلسلے میں ہم معمولی تاخیر کے بھی متحمل نہیں ہوسکتے اور ویکسین کی خریداری کے لیے آج ہی احکامات جاری کیے جائیں۔

وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ اس بیماری کی روک تھام کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ٹھوس اقدامات کی ضرورت ہے اور اس سلسلے میں ایک ہفتے کے اندر لائحہ عمل تیار کرکے اس پر عملدرآمد شروع کیا جائے، صوبائی حکومت بیماری کی روک تھام کے لیے درکار تمام مالی وسائل فراہم کرے گی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |