سندھ حکومت کی بلدیاتی الیکشن ملتوی کرنے کی درخواست
سندھ حکومت نے حالیہ بارشوں کے باعث الیکشن کمیشن سے کراچی حیدرآباد ڈویژنوں میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کردی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سندھ حکومت نے الیکشن کمیشن کو خط لکھ دیا ہے، خط میں درخواست کی گئی ہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے کراچی حیدرآباد ڈویژنوں میں بلدیاتی انتخابات ملتوی کئے جائیں۔
خط میں کہا گیا ہے محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیشگوئی کی ہے جس کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ ممکن نہیں ہوسکےگا، سندھ بھر میں متاثرہ علاقوں میں اس وقت ریلیف کے کام جاری ہیں اور سیلابی صورتحال کی وجہ سے انتخابی عمل موخر کیا جائے۔
اس سے قبل سندھ میں جاری بارشوں سے پیدا ہونے والی صورتحال کے باعث ضلعی افسران نے الیکشن کمیشن سے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کی سفارش کی تھی۔
ذرائع کے مطابق سندھ میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے 28 اگست 2022کی تاریخ مقرر کی گئی تھی،سندھ میں سیلابی صورتحال کے پیش نظر صوبائی الیکشن کمیشن نے مختلف اضلاع سے ملنے والی سفارشات الیکشن کمیشن کو ارسال کردی ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کا فیصلہ زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے کیا جائےگا، خاص طور پر الیکشن کمیشن کے حتمی فیصلہ کا انحصار محکمہ موسمیات کی پیشن گوئی پر ہوگا۔