پاکستان ورلڈ کپ ٹی 20 میں سفر کا آغاز تیسری پوزیشن سے کرے گا

بولرز رینکنگ میں سعید اجمل کا تیسرا نمبر،حفیظ آل راؤنڈرز میں سب سے آگے

بولرز رینکنگ میں سعید اجمل کا تیسرا نمبر،حفیظ آل راؤنڈرز میں سب سے آگے۔ فوٹو: اے ایف پی/فائل

ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں پاکستان اپنے سفر کا آغاز رینکنگ میں تیسری پوزیشن کے ساتھ کرے گا، بہتر پرفارمنس ٹاپ پر پہنچانے میں اہم کردار ادا کرسکتی ہے، سعید اجمل بولرز میں تیسرے اور محمد حفیظ آل رائونڈرز میں پہلے نمبر پر موجود ہیں۔


تفصیلات کے مطابق ٹوئنٹی 20 رینکنگ میں اس وقت ٹاپ پر موجود سری لنکاکے پوائنٹس کی تعداد 129 ہے، وہ 2007 کے چیمپئن اور دوسرے نمبر پر موجود بھارت سے 6 پوائنٹس آگے ہے،درحقیقت تین ٹاپ ٹیموں کے درمیان صرف 8 پوائنٹس کا فرق ہے، 2009 کا میلہ لوٹنے والی پاکستانی ٹیم 121 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہے، گرین شرٹس ٹوئنٹی 20 میں اپنے سفر کا آغاز روایتی حریف بھارت کے خلاف میچ سے کریں گے، ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی پاکستان کی رینکنگ میں بہتری کی بھی وجہ بنے گی۔ اس ایونٹ میں ٹائٹل کا دفاع کرنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کی رینکنگ 6 اور پوائنٹس 110 ہیں، انگلینڈ کے خلاف سیریز میں 2-1 کی کامیابی کے باوجود ویسٹ انڈین ٹیم کو خسارے کا سامنا کرنا پڑا جبکہ انگلینڈ آٹھویں نمبر پر موجود ہے۔

آسٹریلیا کے ایرون فنچ 2درجے ترقی پاکر بیٹسمینوں میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرچکے،ان کی ٹیم نے جنوبی افریقہ سے سیریز میں2-0 سے فتح پائی تھی، اگرچہ انھوں نے دونوں میچز میں 44 رنز بنائے مگر کیریئر میں پہلی بار ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے میں کامیاب رہے، فنچ نے کیوی قائد برینڈن میک کولم اور انگلینڈ کے الیکس ہالز کو پیچھے چھوڑا جو اب بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر پہنچ گئے، ٹاپ 20 میں شامل واحد پاکستانی بیٹسمین محمد حفیظ 19 ویں نمبر پر ہیں۔ بولنگ میں ٹاپ ٹین میں پاکستان کے 3 کھلاڑی شامل ہیں، سعید اجمل تیسرے، محمد حفیظ چھٹے اور شاہد آفریدی دسویں نمبر پر موجود ہیں۔ اس فہرست میں ٹاپ پر ویسٹ انڈیز کے سنیل نارائن اور سموئلز بدری کا قبضہ ہے،آل رائونڈرز میں حفیظ ٹاپ پر ہیں جبکہ شاہد آفریدی کی پانچویں پوزیشن ہے۔
Load Next Story