سیلاب متاثرین کو سیاسی سپورٹ کی یقین دہانی پر امداد دی جارہی ہے سراج الحق

متاثرین کھلے آسمان تلے موجود، راشن ہے نہ دوائیں، بیماریاں پھیل رہی ہیں، قوم مدد کے لیے آگے بڑھے


ویب ڈیسک August 25, 2022
ظالم حکمران مصیبت کے وقت سیاست میں مصروف ہیں، امیر جماعت اسلامی (فوٹو فائل)

امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومتوں نے امداد ارکان اسمبلی کو دے دی ہے، جو متاثرین کو سیاسی سپورٹ کی یقین دہانی کے بعد فراہم کی جا رہی ہے۔

سکھر میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں اپنی ذمے داری انجام نہیں دے رہیں، لاکھوں لوگ بارشوں کے دوران کھلے آسمان تلے بیٹھے ہیں، بچوں کے کھانے کے لیے راشن، پینے کے لیے دودھ نہیں، دست و قے کی بیماریاں پھیل رہی ہیں اور ادویہ تک دستیاب نہیں۔

سراج الحق کا کہنا تھا کہ متاثرین کو خیموں کی فوری طور پر ضرورت ہے جب کہ وفاقی و صوبائی حکومتوں کے اعلان کردہ فنڈز لوگوں تک نہیں پہنچ رہے۔ حکومتوں نے راشن اور ٹینٹ سیلاب زدہ علاقوں میں اپنے ارکان اسمبلی کو فراہم کر دیے ہیں اور متاثرین کو سیاسی سپورٹ کی یقین دہانی کرانے پر اورجاگیردار وں اور وڈیروں کے ڈیروں کا طواف کرنے پر امداد فراہم کی جاتی ہے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا ہے کہ ظالم حکمران مصیبت کے وقت سیاست میں مصروف ہیں، قوم سیلاب متاثرین کی دل کھول کر مدد کرے۔ نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی کا پروسیجر اتنا سست ہے کہ قیامت گزر جانے کے بعد ہی متاثرہ فرد کو کچھ نہ کچھ امداد پہنچتی ہے۔ وزیراعظم اور وزرائے اعلی امدادی سرگرمیوں کی خود نگرانی کریں کیوں کہ ارکان اسمبلی متاثرہ علاقوں سے بھاگ گئے ہیں۔

سراج الحق نے کہا کہ جماعت اسلامی دکھ کی گھڑی میں اپنے تمام وسائل مصیبت زدگان کی مدد کے لیے استعمال کر رہی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن کے رضاکار جگہ جگہ موجود ہیں۔ قوم سیلاب زدگان کی مدد میں ہمارا ساتھ دے۔سراج الحق نے جیکب آباد، شکارپور، کندھ کوٹ اور بلوچستان کے ضلع جعفرآباد میں سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ بھی کیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں

رائے

شیطان کے ایجنٹ

Nov 24, 2024 01:21 AM |

انسانی چہرہ

Nov 24, 2024 01:12 AM |