585 اشیائے تعیشات گاڑیوں کی درآمد پر ڈیوٹی میں اضافہ

گوشت، مچھلی پرریگولیٹری ڈیوٹی دگنی، جام اور جیلی پرڈیوٹی 20 سے بڑھاکر 49 فیصد

گاڑیوں پرڈیوٹی 70 سے بڑھاکر 100 فیصد،2سے 35 فیصد تک اضافی کسٹمز ڈیوٹی بھی عائد۔ فوٹو:فائل

وفاقی حکومت نے گاڑیوں اور دیگر 585 اشیائے تعیشات کی درآمد پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح بڑھا دی۔

وفاقی حکومت نے گاڑیوں و ان کے پارٹس، مچھلی، گوشت، جام، جیلی، چاکلیٹ، کوکو پاوڈر اور دیگر 585 اشیائے تعیشات کی درآمد پر عائد ریگولیٹری ڈیوٹی کی شرح بڑھا دی، اس کے علاوہ پام آئل ،آر بی ڈی پام آئل اور پام اولین سمیت دیگر اقسام کے خام آئل کے ساتھ ساتھ گاڑیوں کی درآمد پر دو فیصد سے 35 فیصد تک اضافی کسٹمز ڈیوٹی بھی عائد کردی۔


مزید برآں صفر، تین فیصد،گیارہ فیصد ،16 فیصد اور 20 فیصد کسٹمز ڈیوٹی پر درآمد ہونے والی چھ سو سے زائد اشیاء کی درآمد پر عائد اضافی کسٹمز ڈیوٹی ختم کردی گئی، اس حوالے سے ایف بی آر کی جانب سے گذشتہ روز متعدد نوٹیفکیشن جاری کئے گئے جن میں بتایا گیا کہ تمام امپورٹڈگاڑیوں پرڈیوٹی 70 سے بڑھاکر 100 فیصدکردی گئی، امپورٹڈ باتھ روم فیٹنگزپرڈیوٹی 30سی بڑھاکر 49 فیصدکردی گئی۔

اس کے علاوہ درآمدی گاڑیوں پر دو فیصد سے 35 فیصد تک اضافی کسٹمز ڈیوٹی بھی عائد کردی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق سپورٹس گاڑیوں کی درآمد پر 35 فیصد ایڈیشنل کسٹمز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے، اس کے علاوہ کاروں،جیپ ان کے پارٹس، ایک ہزار سی سی سے زائد کی کمرشل گاڑیوں اور ہیوی کمرشل گاڑیوں ان کے پارٹس کی درآمد پر دو فیصد اضافی کسٹمز ڈیوٹی عائد کی گئی ہے، درآمدی گوشت اور مچھلی پرریگولیٹری ڈیوٹی دگنی کردی ہے۔

درآمدی جام اور جیلی پرڈیوٹی 20 سے بڑھاکر 49 فیصد، امپورٹڈ چاکلیٹ، کوکو پاوڈر پر 10سی بڑھاکر 49 فیصد، امپورٹڈ دلیہ ، آٹے پرڈیوٹی10سی بڑھاکر 35 فیصد، برانڈڈ امپورٹڈ ڈرائی فروٹس اور بادام پرڈیوٹی 20سے بڑھاکر 74فیصد کردی گئی ہے۔
Load Next Story