ملک میں سیلابی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دے دیا گیا

وزیراعظم فلڈ ریلیف اکاؤنٹ 2022 میں عطیات جمع کروانے کی تفصیلات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں


ویب ڈیسک August 25, 2022
فوٹو : سوشل میڈیا

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے سیلابی صورتحال کو قومی ایمرجنسی قرار دے دیا۔

اپنے ایک بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ صوبہ سندھ اور بلوچستان میں غیر معمولی تباہی کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے قومی جذبہ دکھانا ہوگا، متاثرین سیلاب کی مدد کے لیے پوری قوم خاص طور پر بیرون ملک پاکستانیوں کے عطیات کی ضرورت ہے اور بہت بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کی وجہ سے خطیر رقم درکار ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبوں کے ساتھ مل کر بھرپور کوششیں کر رہی ہے اور وسائل کو موبلائز کیا جا رہا ہے، تیز بارشوں اور شدید سیلابی ریلوں کی وجہ سے ریلیف کے کاموں میں مشکلات آ رہی ہیں۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عوام کی مدد سے متاثرین کے ریسکیو اور ریلیف کے عمل کو تیز بنایا جا سکتا ہے، وزیراعظم فلڈ ریلیف اکاؤنٹ 2022 میں عطیات جمع کروانے کی تفصیلات پہلے ہی جاری کی جا چکی ہیں جس کے لیے اندرون و بیرون ملک پاکستانی عطیات اکاؤنٹ (Prime Minister Relief Fund Account 2022 Account No. 'G-12164) میں جمع کروا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مصیبت میں گھرے اہل وطن ہماری مدد کے منتظر ہیں، آئیں ہم سب سہارا بنیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانی وائر ٹرانسفر، منی سروس بیوروز، منی ٹرانسفر آپریٹرز اور ایکسچینج ہاؤسز کے ذریعے بھی عطیات بھجوا سکتے ہیں، عطیات تمام کمرشل بینکوں میں نقد بھی جمع کروائی جا سکتی ہے جبکہ بینکوں کے ڈراپ باکس میں کراس چیک، موبائل اور انٹرنیٹ بینکنگ، اے ٹی ایمز، اے بی ایف ٹی، راست کے ذریعے بھی جمع کروائے جاسکتے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔