عوام کو اس نااہل ٹولے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جاسکتا عمران خان

چیئرمین تحریک انصاف کا سیلابی صورتحال پر بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے دوروں کا فیصلہ


ویب ڈیسک August 25, 2022
(فوٹو : فائل)

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت کی ترجیحات عوام کے بجائے اپنے مقدمات کا خاتمہ کرنا ہے، عوام کو اس نااہل ٹولے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیئرمین تحریک انصاف کی زیر صدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے سیلاب کی صورتحال میں پنجاب اور کے پی کے میں اقدامات کا جائزہ لیا اور عمران خان کو سندھ میں سیلاب صورتحال پر بریفنگ دی۔

علی زیدی نے بتایا کہ سندھ حکومت نے عوام کو بے یار و مددگار چھوڑ دیا ہے، کراچی کے بعد اندرون سندھ میں بھی سندھ حکومت کی کارکردگی کی قلعی کھل گئی۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ تحریک انصاف سیلاب متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑے گی، پنجاب اور کے پی حکومتوں کو متاثرین کی فوری امداد کی ہدایت کردی ہے، وفاقی حکومت کی ترجیحات عوام کے بجائے اپنے مقدمات کا خاتمہ کرنا ہے، عوام کو اس نااہل ٹولے کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا سکتا، شہباز شریف کو کوئی بھی پیسے دینے کے لیے تیار نہیں۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان انسداد دہشت گردی عدالت میں پیش، ضمانت قبل از گرفتاری منظور
اجلاس میں پی ٹی آئی کی عوامی رابطہ مہم اور جلسوں سے متعلق بھی مشاورت ہوئی، عمران خان کے دورۂ سندھ کے حوالے سے بھی مشاورت ہوئی، سندھ میں جلسوں کے حوالے سے بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔

ذرائع نے کہا ہے کہ عمران خان نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں خود جانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عمران خان پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گے۔ اب ان کے دوروں کا شیڈول ترتیب دیا جارہا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔