فیٹف کی گرے لسٹ کے معاملے پر پاکستان کی درجہ بندی میں اہم پیشرفت

اس اہم پیش رفت سے پاکستان پابندیوں کی گرے لسٹ سے نکلنے کے قریب پہنچ رہا ہے

—فائل فوٹو

فنانشل ایکشن ٹاسک فورس(فیٹف) کے ذیلی ادارے ایشیا پیسیفک گروپ(اے پی جی) نے پاکستان کی درجہ بندی کو اپ گریڈ کردیا ہے جسے پاکستان کیلئے بڑی اہم پیشرفت قرار دیا جارہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اے پی جینے پاکستان کی جانب سے ایف اے ٹی ایف ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق چوتھی تکنیکی تعمیل کی رپورٹ جاری کردی ہے۔ ایشیا پیسیفک گروپ نے جولائی 2022 کی رپورٹ میں پاکستان کی درجہ بندی کو اپ گریڈ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجموعی طور پر پاکستان نے اچھی پیش رفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اہم پیش رفت سے پاکستان پابندیوں کی گرے لسٹ سے نکلنے کے قریب پہنچ رہا ہے تاہم پاکستان کو گرے لسٹ سے نکالنے کا حتمی فیصلہ اکتوبر میں آن سائٹ وزٹ اور تصدیق کے بعد کیا جائے گا۔


واضع رہے کہ رواں سال جون میں فیٹف کے صدر ڈاکٹر ماکوس پلیئر نے اعلان کیا تھا کہ پاکستان نے اصلاحات کو نافذ کیا ہے اور اگر پاکستان آن سائٹ وزٹ کا مرحلہ کامیابی سے عبور کر لیتا ہے تو اسے گرے لسٹ سے نکال دیا جائے گا۔

ڈاکٹر مارکوس پلیئر کا کہنا تھا کہ فیٹف ٹیم کے دورے کے دوران پاکستان کو اس بات کو یقینی بنانا ہوگا کہ وہ ثابت کرے کہ اس نے منی لانڈرنگ اور دہشت گرد گروپوں کی فنڈنگ سے موثر طریقے سے نمٹ لیا ہے۔

پاکستان ایف اے ٹی ایف کی 40 میں سے 38 شرائط پر عمل کرچکا ہے جن میں 9 شرائط پر مکمل، 29 پر بڑے پیمانے پر اور دو شرائط پر جزوی طور پر عملدرآمد کیا جارہا ہے جو گرے لسٹ سے نکلنے کیلئے کافی ہے۔
Load Next Story