پاک فوج کے افسران اور وفاقی کابینہ کا سیلاب متاثرین کے لیے ایک ماہ کی تنخواہ دینے کا اعلان

کور کمانڈر کانفرنس میں ملک بھر میں سیلاب کی صورت حال اور افواج کی جانب سے ریلیف ورک کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

فوٹو فائل

پاک فوج کے کور کمانڈرز اور وفاقی کابینہ نے سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے ایک ماہ کی تنخواہیں دینے کا اعلان کردیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت ہونے والی کور کمانڈر کانفرنس میں ملک بھر میں سیلاب کی صورت حال اور افواج کی جانب سے ریلیف ورک کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

کانفرنس میں شریک تمام جنرل آفیسرز نے ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے جاری آپریشن کے لیے دینے کا اعلان کیا۔

سیلاب متاثرین کی تکالیف کم کرنے کے لیے کوئی کسر اٹھا نہ رکھنے کا عزم

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کانفرنس کے شرکا کو ملک میں سیلابی صورتحال، آرمی فارمیشنز کی جانب سے جاری امدادی کارروائیوں اور بیرونی و داخلی سلامتی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے فارمیشنز کو آپریشنل تیاریاں برقرار رکھنے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں: عالمی اداروں اور تنظیموں کا سیلاب متاثرین کیلیے 50 کروڑ ڈالر سے زائد امداد کا اعلان


آئی ایس پی آر کے مطابق سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ نے پختونخوا اور بلوچستان میں انسداد دہشت گردی کے لیے کوششیں جاری رکھنے کی ہدایت کی۔ کانفرنس کے شرکا نے ملک میں سیلابی صورتحال اور فوج کی طرف سے جاری ریسکیواینڈ ریلیف آپریشنز کا جائزہ لیا اور غیرمعمولی بارشوں کے نتیجے میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال سے قیمتی جانوں کے ضیاع اور انفراسٹرکچر کو ہونے والے نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی کاروائیوں کو سراہا۔

دوسری جانب وفاقی کابینہ کا سیلاب متاثرین کی مدد کے لئے اعلان کرتے ہوئے ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کے لئے عطیہ کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: کور کمانڈرز کانفرنس؛ سیلاب متاثرین کی ہرممکن مدد جاری رکھنے کا عزم

کابینہ کے تمام ارکان کی ایک ماہ کی تنخواہ وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ میں جمع ہوگی ، ارکان نے وزیراعظم شہباز شریف کی متاثرین سیلاب کی مدد کی اپیل پر تنخواہ عطیہ کرنے کا اعلان کیا۔

 
Load Next Story