9999 پر ایس ایم ایس کے ذریعے سیلاب زدگان کو فنڈ دینے کی سہولت متعارف
شہری 9999 پر ایس ایم ایس کرکے وزیراعظم کے سیلاب زدگان فنڈ میں دس روپے جمع کراسکتے ہیں
پی ٹی اے نے موبائل فون ایس ایم ایس کے ذریعے سیلاب زدگان کے لیے وزیراعظم کے فنڈ میں رقم جمع کرانے کی سہولت متعارف کرادی۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق سیلاب متاثرین کے لیے عطیات جمع کرنے کی غرض سے وزیراعظم فلڈ ریلیف 2022ء کا شارٹ کوڈ 9999 جاری کردیا گیا۔ پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی (پی ٹی اے) نے اس کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا۔
نوٹی فکیشن کے مطابق شہری موبائل فون سے ''فنڈ'' لکھ کر 9999 پر ایس ایم ایس بھیج کر 10 روپے عطیہ کرسکتے ہیں، تمام آپریٹرز جمع ہونے والے عطیات سے این ڈی ایم اے کو مطلع کریں گے۔
یہ پڑھیں : اسٹیٹ بینک نے سیلاب زدگان کی امداد کیلئے وزیراعظم ریلیف فنڈ قائم کردیا
پی ٹی اے نے یہ نوٹی فکیشن وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر جاری کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تباہ کن سیلاب کی صورتحال میں اندرون و بیرون ملک پاکستانیوں، مخیر حضرات اور اداروں سے عطیات دینے کی اپیل کی تھی۔ وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کے لیے ''وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ 2022ء ''قائم کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں : نیشنل بینک آف پاکستان کا سیلاب زدگان کی بحالی کیلئے فنڈز وصول کرنے کا اعلان
سرکاری اعلامیے کے مطابق عوام ''وزیراعظم فلڈ ریلیف فنڈ' اکاؤنٹ نمبر G-12164 میں عطیات جمع کراسکتے ہیں۔