لاپتہ ملائیشین مسافر طیارے کے پاکستان آنے کے کوئی شواہد نہیں ملے ڈی جی سول ایوی ایشن

ملائشین حکام نے طیارے کی تلاش کیلئے پاکستان ، بھارت سمیت25 ملکوں سے مدد مانگ لی۔


ویب ڈیسک March 16, 2014
طیارے کی گمشدگی پر افسوس ہے اور اس سلسلے میں ہم برادر ملک کی ہر ممکن مدد کو تیار ہیں،ڈی جی سول ایوی ایشن،فوٹو:فائل

پاکستان سول ایوی ایشن کے ڈائریکٹر جنرل نے ملائیشیا کے لاپتہ مسافر طیارے کی پاکستان میں لینڈنگ کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ طیارے کے پاکستان آنے یا لینڈنگ کی کوئی اطلاع نہیں اور نہ ہی ریڈارریکارڈنگ پر بھی پرواز کے کوئی شواہد ملے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ڈی جی سول ایوی ایشن محمد یوسف نے کہا کہ ملائیشین طیارے کی پاکستان آنے یا لینڈنگ کی کوئی اطلاع نہیں، طیارے نے نہ رابطہ کیا اور نہ ہی ریڈار ریکارڈنگ پر پرواز کے کوئی شواہد نہیں ملے ہیں۔انہوں نے کہا کہ طیارے کی گمشدگی پر افسوس ہے اور اس سلسلے میں ہم برادر ملک کی ہر ممکن مدد کو تیار ہیں۔

ملائشین طیارے کی گمشدگی کا معمہ آج 9 ویں روز بھی تاحال حل نہیں ہوسکا ہے جب کہ طیارے کی تلاش کے لیے وسیع پیمانے پر اب بھی آپریشن جاری ہے۔ ملائشین حکام نے پاکستان اور بھارت سمیت وسطی ایشیائی ممالک سے بھی مدد مانگ لی ہے۔

ملائشیا کے وزیرٹرانسپورٹ نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ طیارے کی تلاش کے لیے آپریشن کو وسیع کردیا گیا ہے اور اس سلسلے میں پاکستان ، بھارت سمیت25 وسطی ایشیائی ریاستوں سے بھی مدد مانگی گئی ہے جبکہ امریکا، فرانس اور چین سے طیارے کی تلاش کے لیے مزید سیٹلائٹ ڈیٹا بھی مانگا گیا ہے۔ وزیرٹرانسپورٹ نے مزید بتایا کہ تلاشی کے عمل میں شریک ماہرین ان تمام ممالک سے ریڈار کا ڈیٹا حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں جن پر سے لاپتا ہونےوالی ایم ایچ 370 نامی اس پرواز کے گزرنے کا امکان ہے اور اس سلسلے میں پاکستان ،بھارت ،بنگلا دیش، چین، آسٹریلیا اور وسطی ایشیائی ریاستوں سے بھی مدد مانگی گئی ہے جب کہ تحقیقات کا دائرہ جہاز کے عملے اور مسافروں کے ساتھ زمینی عملے تک بڑھا دیا گیا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں