نوشہرہ میں دریائے کابل کا پشتہ ٹوٹنے سے اونچے درجے کا سیلاب آبادی کی نقل مکانی

سیلابی ریلہ نوشہرہ اور چارسدہ میں، منڈا ہیڈورکس کا پل دو حصوں میں تقسیم، تیمرگرہ میں چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق


ویب ڈیسک August 27, 2022
منڈا ہیڈورکس کا پل دو حصوں سے ٹوٹ گیا اور سیلابی ریلہ نوشہرہ اور چارسدہ کے رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔

دریائے کابل میں نوشہرہ کے مقام پر حفاظتی پشتہ ٹوٹنے سے اونچے درجے کا سیلاب آگیا، لوگوں نے ہنگامی طور پر گھر خالی کردیے اور نقل مکانی شروع کردی۔

ضلع چارسدہ کے قریب واقع منڈا ہیڈ ورکس سیلابی پانی کی وجہ سے دو حصوں سے ٹوٹ گیا اور سیلابی ریلہ نوشہرہ اور چارسدہ کے رہائشی علاقوں میں داخل ہوگیا۔ دیہاتوں میں لوگ مکانات کی چھتوں پر پناہ لینے پر مجبور ہوگئے۔

کئی علاقوں میں لوگ اپنے مکان خالی کرکے مویشیوں سمیت محفوظ مقامات کی طرف نقل مکانی کرگئے۔ مردان پل پر لوگوں کا رش لگ گیا اور ان میں خوف وہراس پھیلا ہوا ہے۔


فلاحی اداروں اور ریسکیو1122 کی ٹیموں نے سینکڑوں محصور افراد کو کشتیوں میں محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔ نوشہرہ کلاں کے مقام پر دریا کابل کا حفاظتی پشتہ ٹوٹ گیا جس کی وجہ سے سیلابی پانی آبادی میں داخل ہوگیا۔ پشتہ ٹوٹنے سے لوگوں میں خوف و ہراس پھیل گیا




صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) کے مطابق اس وقت خیبر پختون خوا کے تمام دریاؤں میں اونچے درجے کا سیلاب ہے جس میں مزید اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صرف خیبر پختون خوا میں سیلاب سے اب تک 226 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں، سیلاب سے 1266 جانور ہلاک اور 33 ہزار 236 گھروں اور دیگر عمارتوں کو نقصان پہنچا، صوبے میں سیلابی ریلے میں سب سے زیادہ جانی و مالی نقصان ڈی آئی خان میں ہوا۔

تیمرگرہ میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق

ادھر دیر لوئر کے علاقے تیمرگرہ میں مکان کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق ہوگئے۔ دریائے پنجگوڑہ میں سیلاب میں بہنے والے ایک شخص کی لاش بھی مل گئی۔

غذر میں ایک ہی خاندان کے 5 افراد کی لاشیں مل گئیں

ادھر غذر کے علاقے بوبر میں سیلاب سے لاپتہ ہونے والے 9 میں سے 5 افراد کی لاشیں نکال لی گئی جب کہ باقی چار کی تلاش جاری ہے۔ تمام پانچ افراد کاتعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔

قومی شاہراہ پر آزا خیل اور نوشہرہ کے درمیان سیلاب کا خدشہ، الرٹ جاری

موٹروے پولیس نے سیلاب کی صورتحال پر ٹریفک الرٹ جاری کر دیا۔ قومی شاہراہ پر آزا خیل اور نوشہرہ کے درمیان سیلاب کا خدشہ ہے، موٹروے ایم ون پر برہان تا پشاور سیلاب کے خدشات موجود ہیں، قومی شاہراہ پر بلوچستان میں قلات سے پشین یارو سیلاب کا اندیشہ ہے، نیشنل ہائی وے پر حب سے بیلہ اور بوستان سے دلسورا میں بھی سیلاب آسکتا ہے۔

ترجمان کے مطابق قومی شاہراہ پر سندھ کے ایریا میں کنڈ یارو، مورو، سکرنڈ سیلاب کے خطرے سے دوچار ہیں، مٹیاری کے قریب ہٹری، میانی فاریسٹ، چلگری ، باڈیرو اور کھنڈو میں سیلاب کا خدشہ ہے، عوام سے اپیل ہے ان علاقوں میں سفر سے گریز کریں۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں لوگوں نے گھر خالی کردیے

پاک فوج ڈیرہ اسماعیل خان ، نوشہرہ ، چارسدہ اور سوات میں سیلاب متاثرین کیساتھ ، ہیلی کاپٹر کے زریعے ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب متاثرین میں راشن تقسیم کیا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں سیلاب کی صورتحال کے پیش نظر دریائے سندھ کچے میں بسنے والے لوگوں نے نقل مکانی کی۔

چارسدہ میں لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقلی

چارسدہ میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں سے لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق سیلابی ریلے سے چارسدہ کے 18 سے زائد دیہات متاثر ہوئے ہیں، سیلاب سے منڈہ ہیڈورکس کا درمیانی حصہ پانی بہا کر لے گیا ہے، منڈہ ہیڈورکس میں پانی کے بہاؤ میں کمی آئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کے مطابق منڈہ ہیڈورکس میں پانی کی بہاؤ کم ہو کہ 88 ہزار کیوسک پر آگئی ہے، دریائے جندی میں پانی کا بہاؤ کم ہوکر 38 ہزار کیوسک تک ہے، آرمی سمیت دیگر متعلقہ اداروں کے ساتھ سیلابی علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں۔

ضلعی انتظامیہ نے مزید کہا کہ متاثرین کی امداد کے لیے ضلع بھر میں 17 کیمپس قائم کیے گئے ہیں جہاں خوراک سمیت سہولیات میسر ہیں، متاثرین کو ہرممکن سہولت فراہم کریں گے۔

فوج کا نوشہرہ اور چارسدہ میں ریسکیو آپریشن

پاک فوج کی جانب سے سیلاب زدہ علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے راشن تقسیم کیا گیا جب کہ دیگر علاقوں میں راشن کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ پاک فوج کی جانب سے پہلے مرحلے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کے ذریعے تحصیل پروآ کے مختلف علاقوں جھوک ممدو' جھوک گاڈی کے علاوہ کئی دیگر علاقوں میں راشن تقسیم کیا گیا تاکہ سیلاب زدہ علاقوں میں پھنسے ہوئے لوگوں کو کھانے پینے کی اشیاء کے لیے تکلیف نہ ہو۔

دریں اثنا کلاچی کے سیلاب زدہ علاقوں میں بھی پاک فوج کی جانب سے اشیائے خوردونوش کی تقسیم کا عمل جاری ہے اور کلاچی کے مختلف سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ہیلی کاپٹر کے ذریعے راشن تقسیم کیا جا رہا ہے۔

پاک فوج کی ریسکیو ٹیموں نے نوشہرہ اور چارسدہ میں ریسکیو آپریشن میں سیلاب متاثرین کی مدد کی۔

کور کمانڈر پشاور کا سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا دورہ

کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل حسن اظہر حیات نے نوشہرہ کے سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ کیا۔ کور کمانڈر نے ریسکیو اور ریلیف آپریشن کے لیے ایمرجنسی بنیادوں پر تمام اقدامات کی ہدایت کی۔

چارسدہ میں ضلعی انتظامیہ نے 17 ریلیف کیمپس قائم کردیے

charsadda tent for flud peoples

پی ڈی ایم اے کے مطابق چارسدہ میں ضلعی انتظامیہ نے 17 ریلیف کیمپس قائم کردیئے ہیں۔ مجموعی طور پر ضلع چار سدہ سے 180000 لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کر دیا گیا، 2230 افراد کیمپس میں موجود ہیں، ۔کیمپس میں متاثرین کو خوراک بنیادی ضروریات کا خیال رکھا جا رہا ہے۔

وزیراعلیٰ کا متاثرہ علاقوں کا دورہ

وزیر اعلی خیبرپختونخوا محمود خان نے سابق وزیر مواصلات مراد سعید کے ہمراہ سوات کے سیلاب زدہ علاقوں چپریال، سخرہ اور دیگر کا دورہ کیا۔ وزیر اعلیٰ نے سیلاب سے متاثرہ سڑکوں، مکانات اور پُلوں کا جائزہ لیا اور سیلاب متاثرین سے ملاقات کرکے ان کے نقصان پر افسوس کا اظہار کیا۔

وزیراعلی محمود خان نے تباہ شدہ انفرا اسٹرکچر کی فوری بحالی کے لیے ہنگامی اقدامات اُٹھارہے ہیں، مشکل کی اس گھڑی میں متاثرین کو تنہا نہیں چھوڑیں گے، صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کو دوبارہ آباد کرنے تک چین سے نہیں بیٹھے گی، سوات سمیت سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ایمرجنسی نافذ کر رکھی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں