کراچی میں مسلح ملزمان کی فائرنگ سے 3 بچوں کا باپ قتل

حفیظ سلمان 3 بچوں کا باپ تھا، مقتول کے ہاں اگلے ماہ ایک اور بچے کی ولادت متوقع تھی، بھائی کی گفتگو


Staff Reporter August 27, 2022
حفیظ کے سر اور کندے پر 2 گولیاں لگیں جو موت کا سبب بنیں

نارتھ ناظم آباد بلاک اے میں نامعلوم مسلح ملزمان نے فائرنگ کرکے 3 بچوں کے باپ کو قتل کردیا۔

پولیس کے مطابق واقعہ روز گارڈن کے قریب پیش آیا جہاں ملزمان فائرنگ کرکے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ مقتول کی شناخت 45 سالہ حفیظ سلمان ولد حافظ ریاض کے نام سے ہوئی، جو اسی علاقے میں ڈسکوری پکوان سینٹر پر کام کرتا تھا۔ مقتول کو تعاقب کے بعد فائرنگ کرکے قتل کیا گیا۔

ایس ایس پی وسطی کے مطابق مقتول کے سر اور کندے پر 2 گولیاں لگیں کو موت کا سبب بنیں جب کہ مقتول کے پاس اس کا موبائل فون اور پرس موجود ہے۔ واقعے کے محرکات سے متعلق فوری طور پر کچھ کہنا قبل از قت ہوگا، جائے وقوع سے نائن ایم ایم پستول کے 2 خول بھی ملےہیں۔ پولیس نے شواہد اکٹھے کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔

بعد ازاں 3 بچوں کے باپ مقتول حفیظ سلمان کو سخی حسن قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔ مقتول کے بھائی نے ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ اگلے ماہ ان کے مقتول بھائی کے گھر ایک اور بچے کی ولادت ہونے والی ہے ۔ بھائی ڈسکوری پکوان سینٹرپرکمیشن کے طورپرکام کرتا تھا جب کہ اس نے اپنی رہائش گاہ میں ایک چھوٹا بیوٹی پارلر بھی کھول رکھا تھا، جہاں وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ مل کر کام کرتا تھا۔

مقتول کے بھائی کے مطابق واقعےسےقبل حفیظ سلمان قادری ہوٹل پرکسی دوست کے ساتھ بیٹھے تھے اور پھر بعد میں موٹر سائیکل پرگھر جا رہے تھے کہ کچھ فاصلے پرنامعلوم مسلح ملزمان نے انہیں فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ بھائی کی کسی سے کوئی دشمنی بھی نہیں تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں