حقیقی آزادی کی جدوجہد سیلاب میں بھی چلتی رہے گی عمران خان
مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف کو سیلاب اور لوگوں کی مشکلات کا بتا کر رعایت حاصل کرے، چیئرمین پی ٹی آئی کا مشورہ
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حقیقی آزادی کی جدوجہد سیلاب اور جنگ یا کسی بھی صورت میں جاری رہے گی۔
جہلم میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت اور پی ڈی ایم کا کرپٹ ٹولہ یہ سُن لے کہ ہم اس جنگ کو حقیقی آزادی حاصل کرنے تک جاری رکھیں گے، سیلاب میں میری ٹیم اور حکومت ایسا کام کرے گی کہ دنیا دیکھے گی۔
عمران خان نے کہا کہ سب کان کھول کر سُن لیں کہ ہر موسم اور حالات میں نئے انتخابات کا اعلان ہونے تک ہماری جدوجہد کو جاری رہنا ہے، ملک کی آزادی تک میں سڑکوں پر رہوں گا، لہذا پروپیگنڈا کرنے والے باز رہیں۔
انہوں نے کہا کہ اس کرپٹ ٹولے کو کوئی پیسہ نہیں دے گا جبکہ میں پُرسوں قوم کو اپنے لوگوں کے لیے پیسہ اکھٹا کر کے دکھاؤں گا، اب ہم تمھیں کسی صورت نہیں چھوڑیں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ سیلاب زدگان کی مدد کے لیے میری ٹیمیں کام کررہی ہیں اور ہم انشاء اللہ انہیں جلد اس مشکل وقت سے دور کردیں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ کرپٹ ٹولے کے اقتدار میں آنے کے بعد ملک دیوالیہ ہوگیا ہے جبکہ ہماری حکومت نے صحت، تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں عوام کو بڑا ریلیف دیا تھا، مہنگائی کے ریکارڈ ٹوٹ گئے اور معیشت نیچے آگئی۔
مزید پڑھیں: ایک جماعت کی سیاست سے ملک کو ناقابل تلافی نقصان ہوسکتا ہے، وزیراعظم
عمران خان نے کہا کہ مفتاح اسماعیل نے الزام لگایا کہ پی ٹی آئی آئی ایم ایف سے معاہدہ خراب کروانا چاہتی ہے تو وہ غلط بیانی کررہا ہے کیونکہ خیبرپختونخواہ کے وزیر نے دو ماہ پہلے سے مفتاح اسماعیل کو خط لکھا اور صوبائی فنڈز کے حوالے سے سوالات کیے مگر وزیر خزانہ نے جواب نہیں دیا اور نہ مٹینگ کے لیے وقت مقرر کیا، اب سیلاب آگیا ہے جس سے اربوں روپے کی تباہی مچی ہے تو وہ کس طرح سے خیبرپختونخواہ کو سرپلس دے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ 'آپ (وزیر خزانہ) کو آئی ایم ایف سے بات کرنی چاہیے، جب کورونا ہوا تھا تو میں نے عالمی مالیاتی فنڈز کے سربراہ سے بات کر کے لوگوں کی مشکل کا بتا کر اُن سے خصوصی رعایت لی تھی، آج آپ کو گوری چمڑی کا خوف ختم کر کے اور دل گردا بڑا کر سیلاب کی تباہ کاریوں کے حوالے سے آئی ایم ایف سے بات کرنی چاہیے اور لوگوں کی مشکلات کا بتانا چاہیے۔