امریکا کا پاکستان کو 90 لاکھ بچوں اور بالغوں کیلیے کورونا ویکسین کا عطیہ

پاکستان میں ویکسینیشن کی جاری کوششوں میں تعاون کے لیے اضافی 20 ملین ڈالر کی فنڈنگ ​​کا بھی منصوبہ ہے، امریکا


ویب ڈیسک August 27, 2022
پاکستان میں امریکی سفیر نے یہ کھیپ حکام کے حوالے کی، فوٹو: فائل

امریکا نے پاکستان کو 90 لاکھ بچوں اور بالغوں کی خوراک کی ایک اور کھیپ عطیہ کی ہے۔

پاکستان میں امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ 90 لاکھ بچوں اور بالغوں کے لیے کورونا کی نئی کھیپ عطیہ کی ہے جب کہ پاکستان میں ویکسینیشن کی جاری کوششوں میں مدد کے لیے اضافی 20 ملین ڈالر کی فنڈنگ کا بھی منصوبہ ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کورونا وبا کے آغاز سے ہی امریکی حکومت نے پاکستانی عوام کی مدد کے لیے تقریباً 70.4 ملین ڈالر براہ راست اور 13.8 ملین ڈالر کی امداد فراہم کی ہے۔

بیان میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ امریکا نے حال ہی میں USAID کے ذریعے نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ (NIH) کو 4.6 ملین ڈالر مالیت کی چار موبائل ٹیسٹنگ لیبارٹریز بھی عطیہ کی ہیں جو پاکستان کے بالخصوص دور دراز علاقوں میں کورونا سمیت دیگر متعدی بیماریوں کی تشخیص کرنے کی صلاحیت کو مضبوط کریں گی۔

خیال رہے کہ اس سے قبل امریکا نے پاکستان کو 12 لاکھ سے زائد این 95 ماسک، 96،000 سرجیکل ماسک، 52،000 حفاظتی چشمے، 10 لاکھ کووِڈ ریپڈ ڈائیگنوسٹک ٹیسٹ، 1200 پلس آکسی میٹر اور ملک بھر کے 64 اسپتالوں کے لیے 200 وینٹی لیٹرز فراہم کیے تھے۔

علاوہ ازیں امریکی حکومت نے ملک بھر میں 30,000 خواتین سمیت 50,000 سے زیادہ ہیلتھ ورکرز کو کووڈ کے مریضوں کی گھر بیٹھے دیکھ بھال کے لیے تربیت دی ہے اور بیماریوں کی نگرانی اور رسپانس یونٹس اور ٹیموں کا ایک قومی نیٹ ورک قائم کیا ہے۔

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں