ایشیا کپ 2022 میں پاک بھارت ٹاکرا آج ہوگا

اعصاب شکن مقابلے کو دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ بے تاب ہیں

(فوٹو: انٹرنیٹ) اعصاب شکن مقابلے کو دیکھنے کے لیے شائقین کرکٹ بے تاب ہیں

ایشیاکپ 2022 کے دوسرے میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں آج ایک دوسرے کے خلاف میدان میں اتریں گی۔

شائقین کرکٹ پاک بھارت مقابلہ دیکھنے کو بے تاب ہیں تو وہیں دونوں ٹیموں کے کپتان اپنی ٹیمز کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں، گزشتہ سال ٹی20 ورلڈکپ میں پاکستان کے ہاتھوں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

مزید پڑھیں: ویرات کوہلی کی انجری کے شکار شاہین سے ملاقات، ویڈیو وائرل

قبل ازیں ایشیاکپ ون ڈے فارمیٹ پر کھیلا جاتا تھا یہ پہلا موقع ہے جب ایونٹ کو ٹی20 طرز تک محدود کیا گیا ہے۔دبئی کرکٹ اسٹیڈیم میں آج ہونے والا میچ پاکستانی وقت کے مطابق شام 7 بجے شروع ہوگا۔ جس میں دونوں ٹیمیں دباؤ کے ساتھ میدان میں اتریں گی۔

پاکستان سے مقابلے میں بھارت کو نفسیاتی برتری ضرورحاصل ہے لیکن مختصر فارمیٹ کے اس مقابلے میں کوئی بھی ٹیم کچھ بھی کر سکتی ہے۔ پاکستانی ٹیم کی قیادت بابر اعظم جبکہ بھارتی اسکواڈ کی کپتانی روہت شرما کریں گے۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت میچ: قومی آج سیاہ پٹیاں باندھ کر میدان میں اترے گی

پاکستان کرکٹ ٹیم کی طرح بھارت بھی اپنے کھلاڑیوں کی فٹنس اور پرفارمنس کے مسائل سے دوچار ہے، پاکستان بیٹنگ لائن میں اپنے اوپنرز کی جوڑی کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان پر بہت انحصار کرے گا جبکہ بھارت کے مقابلے میں پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ لائن نسبتاً کم تجربہ کار ہے تاہم فخرزمان، خوشدل شاہ، آصف علی حیدر علی سے کافی توقعات وابستہ ہیں،شاداب خان اور محمد نواز کو آل راؤنڈر کا کردارادا کرنا پڑے گا۔


قومی ٹیم پہلے ہی اہم بولرز شاہین آفریدی اور وسیم جونیئرز کے انجرڈ ہونے کی وجہ سے مشکلات کا شکار ہے جبکہ حسن علی کو بھی بھارت کے خلاف پلیئنگ الیون میں شامل نہیں کیا جائے گا۔ دوسری طرف بولنگ اٹیک کے لیے حارث رؤف اور نسیم شاہ کی خدمات دستیاب ہوں گی جبکہ شاہنواز دھانی کے مقابلے میں محمد حسنین کی ٹیم میں شمولیت یقینی نظر آرہی ہے۔

مزید پڑھیں: بابر اعظم اور ویرات کوہلی کی دبئی اسٹیڈیم میں ملاقات کی ویڈیو وائرل

مینجمنٹ نے فائنل الیون تیار کر لی ہے لیکن حتمی ٹیم کا اعلان میچ سے قبل ہوگا،بھارت کے فاسٹ بولر جسپریت بھمرا کی عدم دستیابی سے پاکستان پر دباؤ میں کمی آئے گی،بھارتی بیٹنگ لائن میں ویرات کوہلی کا امتحان ہوگا، کپتان روہت شرما اور کے ایل راہول وکٹ پر کھڑے ہو کر کچھ بھی کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔، 7مرتبہ کی چیمپئن بھارت اور دو مرتبہ یہ ٹائٹل حاصل کرنے والی پاکستان کرکٹ ٹیم کے درمیان کانٹے دار مقابلہ متوقع ہے، دونوں ٹیموں کے کھلاڑیوں کے درمیان دوستانہ رویے کے باوجود تماشائیوں کا جوش و خروش اپنے عروج پر ہوگا۔

قومی ٹیم بھارت کے خلاف ہونے والے میچ میں جیت کے لیے پُرعزم ہے جبکہ بولنگ کوچ ثقلین مشتاق نے بھی کہا ہے کہ تمام کھلاڑی پروفیشنل ہیں، انہیں سردی گرمی سے فرق نہیں پڑتا۔ ہمارے کھلاڑیوں کو علم ہے کہ کیسے خود کو ماحول کے مطابق ڈھالنا ہے، ہمارے فاسٹ باؤلر بہترین اور پراعتماد ہیں اور کافی عرصے سے بہترین پرفارمنس دے رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: ایشیا کپ؛ پاورہٹنگ سے فتح کا در کھولنے کی تیاریاں

اس سے قبل ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں 13 بار ایک دوسرے کے مدمقابل آئیں جہاں بھارت نے 7 جبکہ پاکستان نے 5 میچز میں کامیابی حاصل کی۔

گزشتہ ایشیاکپ میں پاکستانی ٹیم بھارت کے خلاف 83 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی جیسے بھارتی ٹیم نے 15 ویں اوور میں حاصل کرلیا تھا۔
Load Next Story