راولپنڈی میں ڈینگی کے کیسز میں اضافہ تعداد 300 سے تجاوز کرگئی

ضلعی انتظامیہ کیجانب سے ایمرجنسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اسپتالوں میں 1400 بیڈز کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔


ویب ڈیسک August 28, 2022
فوٹو:فائل

مون سون بارشوں کے بعد ڈینگی کے کیسز میں بتدریج اضافہ ہورہا ہے، راولپنڈی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 300 سے تجاوز کرگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق جڑواں شہر راولپنڈی میں ڈینگی کا خطرہ مسلسل بڑھنے لگا، محکمہ صحت راولپنڈی کا کہنا ہے کہ شہر کے تینوں اسپتالوں میں ڈینگی کا شکار مریضوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ضلع بھر سے 31 افراد میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوچکی ہے۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ 20 مریض پوٹھوہار ٹاؤن سے سامنے آئے ہیں جس کے بعد رواں برس ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 306 تک پہنچ گئی ہے جب کہ صرف ایک شخص کا ڈینگی کے باعث انتقال ہوا۔

محکمہ صحت نے ڈینگی کا شکار مریضوں کے علاقوں میں اسپرے فوگنگ اور لاروا تلف کرنا شروع کردیا ہے جب گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں ڈینگی لاروا کی افزائش نسل پر 64 مقدمات درج ہوچکے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق اب تک وارننگ کے باوجود لاروا کی افزائش نسل کرنے پر 1100 مقدمات درج ہوچکے ہیں جب کہ ڈینگی لاروا کی افزائش نسل پر 33 لاکھ روپے جرمانہ کیا جاچکا ہے۔

راولپنڈی کی ضلعی انتظامیہ کی رپورٹ:

ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ سالوں کی نسبت رواں برس 500 ملی لٹر سے زائد بارشیں ریکارڈ کی گئیں جس کے بعد ڈینگی وائرس کے کیسز میں بتدریج اضافہ جاری ہے۔

رپورٹ کے مطابق ان ڈور سرویلینس کے دوران 22240 جب کہ آؤٹ ڈور 2590 مقامات سے ڈینگی لاروا تلف کیا گیا ہے۔

ترجمان ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں تاحال 89 افراد اسپتال میں زیر علاج ہیں، ڈینگی وائرس کے خاتمے کیلئے 1780 انسداد ڈینگی ٹیمیں روزانہ جنگی بنیادوں پر شہر کے مختلف علاقوں کی چیکنگ کر رہی ہیں جب کہ سرویلینس کو مزید بہتر بنانے کیلئے مزید 1000 افراد کو بھرتی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ ماہ اگست میں ڈینگی ایس او پیز کی خلاف ورزیوں پر 313 جبکہ ٹوٹل 950 سے زائد افراد کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں اور بارہا نوٹسز کی خلاف ورزیوں پر 15 مقامات کو سیل کیا گیا ہے۔

ضلعی انتظامیہ کیجانب سے ایمرجنسی کو مدنظر رکھتے ہوئے مختلف اسپتالوں میں 1400 بیڈز کے انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں