پاک فوج نے سوات میں پھنسے 110 افراد کو ریسکیو کرلیا

کھانا اور ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، آئی ایس پی آر

(فوٹو: فائل) کھانا اور ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، آئی ایس پی آر

پاک فوج نے سوات میں بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال میں پھنسے 110 افراد کو ریسکیو کرلیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خوازہ خیلہ سے کانجو کینٹ سوات تک پھنسے 110 افراد ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کرلیا گیا ہے، جنہیں کھانا اور ضروری طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ سیلاب متاثرین کے لیے دیر اسکاؤٹس نے فلڈ ریلیف کنٹرول سینٹر قائم کردیا ہے جس کا لینڈ لائن نمبر 0945-825526 ہے۔


مزید پڑھیں: ملک بھر میں سیلاب سے ہلاکتوں کی تعداد 1030 سے تجاوز کرگئی

دوسری جانب موسم میں بہتری کے بعد آرمی ایوی ایشن کے 4 خصوصی ہیلی کاپٹروں نے پرواز کی اور سوات میں پھنسے ہوئے خاندانوں تک امدادی سامان پہنچایا۔

آئی ایس پی آر کا مزید کہنا تھا کہ کمراٹ کی پہاڑی چوٹی پر پھنسے لوگوں کو موسم بہتر ہوتے ہی فوجی ہیلی کاپٹروں کے ذریعے نکالا جائے گا۔
Load Next Story