خیبرپختونخوا حکومت کا سیلاب متاثرین کیلئے امدادی پیکج میں اضافے کا اعلان
جاں بحق افراد کو 3 لاکھ کے بجائے 8 لاکھ روپے معاوضہ دیا جائے گا، صوبائی وزیر شوکت یوسفزئی
صوبائی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ افراد کےلیے امدادی پیکج میں اضافے کرتے ہوئے جاں بحق افراد کیلئے معاوضہ 3 لاکھ سے بڑھا کر 8 لاکھ روپے کردیا گیا۔
ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر خیبرپختونخوا شوکت یوسفزئی نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور موٹروے پر قائم عارضی کیمپوں کا دورہ کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ تباہی تجاوزات سے آئی ہے حالات معمول پر آنے کے بعد تجاوزات کے خلاف کاروائی کریں گے کیوں کہ خطرہ ابھی ٹلا نہیں ستمبر میں مزید بارشوں کا امکان ہے۔
ترجمان شوکت یوسفزئی کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت نے سیلاب سے متاثرہ افراد کے لیے امدادی پیکج میں اضافہ کردیا جس کے بعد سیلاب کے باعث جن لوگوں کی املاک کو نقصان پہنچا ہے ایک لاکھ کے بجائے تین لاکھ روپے جب کہ جاں بحق افراد کےلیے معاوضہ تین لاکھ سے بڑھا کر 8 لاکھ کردیا ہے۔
صوبائی وزیر خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیلاب سے 34 ہزار سے زائد گھر پچاس سے زائد ہوٹلز تباہ ہوچکے ہیں، صوبے بھر میں سیلاب سے بہت زیادہ نقصانات ہوئے ہیں اور اب تک 230 اموات ہوچکی ہیں۔