دوست ممالک اور سمندر پار پاکستانی سیلاب متاثرین کی مدد کریں آرمی چیف
آرمی چیف نے ماہرین سے بھی وطن واپس آکر اپنا کردار ادا کرنے کی اپیل کی اور کہا کہ ہمیں امید ہے آپ مایوس نہیں کریں گے
چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور دوست ممالک سے سیلاب متاثرین کیلیے مدد کی اپیل کردی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سیلاب زدگان کی مدد کے لیے پاکستان کے مخیر حضرات اور پوری قوم سے سے زیادہ سے زیادہ تعاون کی اپیل کی ہے، اس کے ساتھ ہی انہوں نے حکومت اور عوام کی طرف سے دوست ممالک سے بھی آگے بڑھ کر ساتھ دینے کی درخواست کی۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ میں چند دنوں سے سیلاب زدہ علاقوں کادورہ کررہا ہوں، کل میں نے بلوچستان کے علاقے اوتھل اور بیلا جبکہ آج میں خیر پور سندھ آیا ہوں، یہاں بہت تباہی ہوئی ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ رواں سال سیلاب سے ملک بھر میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی جس کو ٹھیک کرنے اور لوگوں کی بحالی میں کئی سال لگ جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبائی حکومت، پاکستان آرمی، نیوی، ائیرفورس اور فلاحی ادارے کوشش کر رہے ہیں کہ لوگوں کو ریلیف پہنچایا جائے۔ ہم اپنی پوری کوشش کر رہے ہیں لیکن فیڈرل گورنمنٹ، صوبائی گورنمنٹ اور آرمڈ فورسز کے وسائل محدود ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کا سندھ اور بلوچستان کے سیلاب زدگان کیلئے 25 ارب روپے گرانٹ کا اعلان
آرمی چیف نے کہا کہ 'میں اپنے تمام پاکستانی مخیر حضرات سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ ان مشکل حالات میں اپنے بھائیوں کی مدد کریں، آپ لوگ سامنے آئیں اور جس طرح سے بھی مدد کرنا چاہتے ہیں آپ ان لوگوں کی مدد کریں۔تاکہ ان لوگوں کو ہم معمول زندگی کی طرف لاسکیں'۔
چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ ریلیف اور ریسکیو آپریشن تقریباَ ختم ہو چکا لیکن اب Rehabilitation کا معاملہ ہے، جس کے لئے ہمیں پوری قوم کی مدد چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ میں حکومت اور عوام کی جانب سے دوست ممالک اور اپنے اُن دوستوں سے اپیل کرتا ہوں جو ملک سے باہر ہیں وہ مشکل اور کٹھن حالات میں آگے بڑھ کر سیلاب سے متاثرہ افراد کی مدد کریں۔ آرمی چیف نے کہا کہ امید ہے سمندر پار پاکستانی ہم وطنوں کی مدد کیلیے اپنا کردار ادا کرنے کریں گے اور ہمیشہ کی طرح کبھی مایوس نہیں کریں گے۔