مجھے کنٹرول میں رکھ کر محسوس کروایا گیا کہ میری کوئی حیثیت نہیں برٹنی اسپیئرز

میں 30 سال کی تھی اور مجھے اپنے فیصلے خود کرنے کی اجازت نہیں تھی، برٹنی اسپیئرز


ویب ڈیسک August 29, 2022
جیمی سپیئرز نے سنہ 2008 میں ایک عدالتی حکم نامے کے تحت اپنی بیٹی کی زندگی کے معاملات کا کنٹرول سنبھالا تھا(فائل فوٹو)

امریکی پاپ گلوکارہ برٹنی اسپیئرز نے والد کے قانونی کنٹرول میں آنے کے بعد کی آپ بیتی مداحوں کے ساتھ شیئر کردی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق برٹنی اسپیئرز کے والد جیمی اسپیئرز نے سنہ 2008ء میں ایک عدالتی حکم نامے کے تحت اپنی بیٹی کی زندگی کے معاملات کا کنٹرول سنبھالا تھا جس کی وجہ سے وہ کوئی بھی فیصلہ خود نہیں کرسکتی تھیں کیونکہ گلوکارہ ذہنی حالت خراب ہونے کے باعث اسپتال میں داخل تھیں۔

انہوں نے اپنے والد کے قانونی کنٹرول میں زندگی کے 13 سال کیسے گزارے گلوکارہ نے یہ بات ایک آڈیو پیغام کے ذریعے مداحوں کو بتانے کی کوشش کی ہے۔

فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق برٹنی اسپیئرز نے یہ آڈیو پیغام کسی تبصرے کے بغیر ٹویٹ کیا تھا لیکن اس کے بعد لنک کو حذف کر دیا گیا تاہم ان کی 22 منٹ کی آڈیو آن لائن دستیاب ہے۔

برٹنی نے اپنے پیغام میں کہا کہ 'میں آج صبح جاگی اور مجھے احساس ہوا کہ میرے ذہن میں بہت کچھ چل رہا ہے جو میں نے کسی کے ساتھ شیئر نہیں کیا'۔

40 سالہ گلوکارہ نے بتایا کہ انہیں کام کرنے اور دورے کرنے پر مجبور کیا جاتا تھا کیونکہ میرے پیسوں کے معاملات بھی والد کے ہاتھ میں تھے، دوستوں سے ملنے جلنے اور گاڑی چلانے سے بھی روکا جاتا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ ان کا فون بھی ٹیپ کیا جاتا تھا اور وہ مدد مانگنے میں خود کو غیر محفوظ محسوس کرتی تھیں۔ گلوکارہ نے کہا کہ 'انہوں نے مجھے ایسا محسوس کرایا جیسے میری کوئی حیثیت نہیں'۔

برٹنی نے بتایا کہ 'والد کی سرپرستی بے حد ظالمانہ تھی، یہ سب کچھ میری حوصلہ شکنی کر رہا تھا، آپ کو یہ بھی سمجھنا ہوگا کہ میں 30 سال کی تھی جو اپنے والد کے کنٹرول میں رہ رہی تھی مجھے اپنی مرضی سے سانس لینے کی بھی اجازت نہیں تھی'۔

یاد رہے کہ برٹنی اسپیئرز نے گزشتہ روز برطانیہ کے مقبول گلوکار سر ایلٹن جان کے ساتھ مل کر 2016ء کے بعد سے اب تک کا اپنا پہلا گانا ریلیز کیا ہے۔ والد کے قانونی کنٹرول سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد یہ ان کا پہلا گانا ہے۔

گزشتہ برس نومبر میں 13 سال بعد لاس اینجلس کی ایک عدالت کے جج نے اپنے فیصلے میں برٹنی پر عائد کنزرویٹرشپ کو ختم کر دیا تھا، اس وقت برٹنی کی عمر 39 برس تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں