ورلڈ کپ آسٹریلیا آل راؤنڈرز کی فوج تیار کرے گا

آئندہ برس میگا ٹرافی جیتنے کیلیے ’انگلش‘ حکمت عملی اختیار کی جائے گی


Sports Desk August 30, 2022
ہمیں بولرز بھی ایسے چاہیے ہوں گے جو آخر میں بیٹنگ کرسکیں،گلین میکسویل۔ فوٹو : اے ایف پی

ون ڈے ورلڈکپ کیلئے آسٹریلیا آل راؤنڈرز کی فوج تیار کرے گا جب کہ آئندہ برس میگا ٹرافی جیتنے کیلیے 'انگلش' حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔

انگلینڈ نے ون ڈے کرکٹ میں 4 برس تک عمدہ کارکردگی کے بعد 2019 میں ورلڈ کپ جیتنے میں کامیابی حاصل کی تھی، سیمی فائنل میں اس نے آسٹریلیا کو مات دی جبکہ نیوزی لینڈ سے میچ اور سپراوور ڈرا ہونے پر زیادہ باؤنڈریز کی بنیاد پر فاتح قرار پایا، اس کے اسکواڈ میں بین اسٹوکس، معین علی اور کرس ووئکس کی صورت میں آل راؤنڈرز کے ساتھ لیام پلنکٹ اور عادل رشید جیسے بولرز بھی موجود تھے جوکہ آخر میں بیٹنگ بھی کرسکتے تھے۔ آسٹریلیا نے بھی آئندہ برس بھارت میں شیڈول ون ڈے ورلڈ کپ میں انگلش حکمت عملی اختیار کرنے کا منصوبہ بنالیا ہے۔

زمبابوے سے پہلے ون ڈے میں برق رفتار اننگز کھیلنے والے گلین میکسویل نے اس کی تصدیق بھی کردی ہے، وہ کہتے ہیں کہ ہم نے دیکھا کہ انگلینڈ نے ون ڈے فارمیٹ میں 10 ویں اور 11 ویں نمبر پر بھی بیٹنگ کرکے کامیابی حاصل کی، ان کے پاس ایسے بولر تھے جوکہ اننگز کے آخر میں بیٹنگ بھی کرلیتے، اب یہ ہمارے اوپر ہے کہ ہم بھی ان کا ہی طریقہ اختیار کریں، 2015 میں ہم نے ایک معیار قائم کیا کہ ون ڈے فارمیٹ میں کیسے کھیلنا چاہیے اور باقی ٹیموں نے اس کی نقل کی اور اب انگلینڈ نے بتادیا ہے کہ اس طرز میں آگے بڑھنے کا طریقہ کیا ہے۔

یاد رہے کہ انگلینڈ نے ورلڈ کپ 2015 کے بعد اپنے 68 فیصد میچ جیتے، آسٹریلیا 52 فیصد کے ساتھ کافی پیچھے ہے۔ کپتان ایرون فنچ کہتے ہیں کہ ہم اب زیادہ آل راؤنڈرز کے ساتھ میدان سنبھالنے کی حکمت عملی اختیار کرچکے ہیں، اتوار کو زمبابوے سے پہلے ون ڈے میں آسٹریلیانے گلین میکسویل، مچل مارش اور کیمرون گرین کی صورت میں آل راؤنڈرز کھلائے تھے جبکہ مارکس اسٹوئنس نے بولنگ نہیں کی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں