ایران اور افغانستان سے پیاز ٹماٹر منگوانے کی سمری تیار

وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے اجلاس میں قیمتوں میں کمی کے لیے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر ڈیوٹی ختم کرنے کا جائزہ

سیلاب اور بارشوں کے باعث ٹماٹر اور پیاز کی فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے:فوٹو:فائل

سیلاب اور بارشوں کے سبب فصلوں کو نقصان پہنچنے کے بعد پیاز اور ٹماٹر درآمد کرنے کی سمری تیار کرلی گئی۔

وزیر تجارت نوید قمر کی زیر صدارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ملک میں پیاز اور ٹماٹر کی دستیابی کا جائزہ لیا گیا۔

ذرائع وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی کے مطابق اجلاس میں ایران اور افغانستان سے پیاز اور ٹماٹر درآمد کرنے کی سمری تیار کرلی گئی۔ سمری منظوری کے لیے فوری طور پر اقتصادی رابطہ کمیٹی کو بھجوانے کا فیصلہ کیا گیا۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران اور افغانستان کے ساتھ خصوصی تجارتی انتظامات کے باعث فارن ایکس چینج پر بہت کم اثر پڑے گا اورمقامی منڈی میں پیاز اور ٹماٹر کی قیمتوں میں کمی آئے گی۔ قیمتوں میں کمی کے لیے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر لیویز اور ڈیوٹی ختم کرنے کی تجویزپر بھی غور کیا گیا۔

سیلاب اور بارشوں کے باعث پیاز اورٹماٹر کی فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے اور آئندہ تین ماہ تک ٹماٹر اور پیاز کی قلت کا سامنا رہے گا۔ و زرات نیشنل فوڈ سیکیورٹی قیمتوں اور دستیابی کا جائزہ لیتی رہے گی۔

دوسری جانب ملک میں پیاز اورٹماٹر کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت غذائی تحفظ کا اجلاس طلب کرلیا گیا۔ وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سیکیورٹی طارق بشیر چیمہ اجلاس کی صدارت کریں گے۔ وزارت غذائی تحفظ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹماٹر اور پیاز کی دستیابی اور درآمد کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔
Load Next Story