نوشہرہ سیلاب کی تباہ کاریوں نے نوبیاہتا جوڑے کی خوشیاں چھین لیں

قرض لے کر شادی کی، سجا سجایا گھر سیلابی ریلوں کی نذر ہوگیا، صوبائی حکومت مدد کرے

سیلاب سے ایک ہفتہ قبل شادی ہوئی، پانی سب کچھ بہا لے گیا، وصال

سیلاب کی تباہ کاریوں نے کئی گھروں کو اپنے لپیٹ میں لے رکھا ہے، جس کے باعث سیکڑوں خاندان بے گھر ہو چکے ہیں، وہیں ایک نوبیاہتا شخص بھی کھلے میدان میں رہنے پر مجبور ہے۔

نوشہرہ کے علاقے مثل آباد کے رہائشی وصال کی شادی سیلاب سے ایک ہفتہ قبل ہوئی، تاہم اُس کا سجا سجایا گھر سیلابی ریلے کی نذر ہوگیا۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے ٹینٹ نہ ملنے پر وصال اپنی نئی نویلی دلہن کو رشتے داروں کے گھر چھوڑ آیا جب کہ لاکھوں روپے کا سامان بھی سیلاب کے باعث ضائع ہوگیا۔


ایکسپریس نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے وصال کا کہنا تھا کہ چچا اور دیگر رشتے داروں سے قرض لے کر شادی کا سامان خریدا اور دیگر اخراجات کیے تھے۔بارشوں اور سیلابی صورت حال کے بعد پل بھر میں سجا سجایا گھر اور قیمتی سامان سیلاب اپنے ساتھ بہا لے گیا۔ وصال کے مطابق شادی کے لیے تیار کیے گئے سامان کی قیمت 4 سے 5 لاکھ تھی۔

سیلاب سے متاثر وصال کا کہنا تھا کہ نئی نویلی دلہن مسلسل غمزدہ اور تباہ شدہ گھر کے لیے آبدیدہ ہے۔ سیلاب میں ڈوبے گھر سے پانی نکالنے کے لیے ہر روز ساتھیوں کے ساتھ جاتا ہوں مگر مشینری اور دیگر وسائل نہ ہونے کے سبب معمول بحال کرنے میں ناکامی کا سامنا ہے۔ وصال نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے مالی امداد کی اپیل کرتے ہوئے سیلاب زدہ علاقوں میں بحالی کے کام جلد ہونے کی اُمید ظاہر کی ہے۔
Load Next Story