وفاقی کابینہ نے پیاز اور ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی منظوری دے دی
کابینہ کی جانب سے پیاز اور ٹماٹر پر دی گئی ٹیکس چھوٹ 31 دسمبر 2022 تک ہوگی۔
وفاقی کابینہ نے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد پر ٹیکس معاف کرنے کی منظوری دے دی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وفاقی کابینہ نے ایف بی آر کی پیاز، ٹماٹر کی درآمد پر ٹیکس چھوٹ کی سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذریعے دی۔ البتہ بھارت سے ٹماٹر اور پیاز کی درآمد کا فیصلہ نہیں ہوا۔
کابینہ کی جانب سے پیاز اور ٹماٹر پر ٹیکس کی چھوٹ 31 دسمبر 2022 تک ہوگی۔
وزیر تجارت سید نوید قمر کا کہنا ہے کہ مارکیٹ میں سبزیوں کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے دباوٴ ہے، قیمتوں میں استحکام کیلئے دو ملکوں سے بغیر ٹیکس کے ٹماٹر اور پیز درآمد کی اجازت دی ہے۔ وزیر تجارت کا کہنا تھا کہ ایران اور افغانستان سے درآمد نجی شعبہ کرے گا جس میں حکومت سہولت کار ی کا کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھارت سے درآمد سے متعلق باتیں سامنے آرہی ہیں اس حوالے سے فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرزسے مشاورت کے بعد کیا جائیگا اور یہ بھی دیکھا جائے گا کہ خارجہ پالیسی پر کیا اثرات پڑیں گے۔
واضح رہے کہ ملک کے چاروں صوبوں میں بارشوں اور سیلاب کے باعث تیار فصلیں اور زرعی اراضی مکمل تباہ ہوگئی ہے، جس کے بعد ملک میں سبزیوں اور بالخصوص پیاز، ٹماٹر کی قلت کا خدشہ ہے۔
وزارت تجارت نے اس خدشے کے پیش نظر افغانستان سمیت دیگر ممالک سے ٹماٹر اور پیاز درآمد کرنے کی اجازت دی اور بتایا کہ حالیہ بارشوں سے سبزیوں کی پیداوار متاثر ہونے اور مارکیٹ میں قلت کی صورتحال کے پیش نظر فیصلہ کیا گیا۔
وزارتِ تجارت کے اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ سیلاب اور بارشوں کے باعث پیاز اورٹماٹر کی فصل بری طرح متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے آئندہ تین ماہ تک ٹماٹر اور پیاز کی قلت کا سامنا رہے گا۔
دوسری جانب ملک میں پیاز اورٹماٹر کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے وزارت غذائی تحفظ کا اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔ وزارت غذائی تحفظ کے ذرائع کے مطابق اجلاس میں ٹماٹر اور پیاز کی دستیابی اور درآمد کرنے کا جائزہ لیا جائے گا۔