ایل پی جی کی قیمت میں 6روپے فی کلو کمی

ایل پی جی کی قیمت میں کمی کے بعد گھریلو سلینڈر 2496روپے اور کمرشل سلینڈر 9604روپے کا ہوگیا

فوٹو: فائل

اوگرا نے فی کلو ایل پی جی کی قیمت میں 6روپے کمی کا اعلان کردیا ہے جس کے بعد ایک کلو گیس کی قیمت گھٹ کر 212 روپے ہوگئی ہے۔

آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی اوگرا نے ستمبر 2022 کیلئے فی کلوگرام ایل پی جی کی قیمت میں 6روپے کی کمی کردی ہے جسکے نتیجے میں گھریلو سلینڈر کی قیمت 75روپے گھٹ کر 2496روپے اور کمرشل سلینڈر کی قیمت 287روپے گھٹ کر 9604روپے ہوگئی۔نئی قیمتوں کا اطلاق یکم ستمبر سے ہوگا۔

اوگرا کے ترجمان کے مطابق ستمبر کے لیے اوگرا نے فی ٹن ایل پی جی کی پیداواری قیمت ایک لاکھ 41ہزار 143روپے مقرر کی ہےجس میں ایف ای ڈی بھی شامل ہے۔


ایل پی جی ڈسٹری بیوٹرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین عرفان کھوکھر نے ایل پی جی کے مجاز ڈسٹری بیوٹرز سے کہا ہے کہ وہ اوگرا کی مقررہ قیمت پر خرید و فروخت کریں تاکہ غریب صارفین کو کسی رکاوٹ کے بغیر مقررہ قیمت پر ایل پی جی دستیاب ہوسکے۔

انہوں نے بتایا کہ ایل پی جی غریب طبقے کا ایندھن ہے لیکن بڑھتی ہوئی قیمتوں کے سبب یہ عام آدمی کی دسترس دور ہو گیا ہے،غریب صارفین کو سستی ایل پی جی فراہم کرنے کیلئے قیمت میں مزید کمی واقع کی جائے اورایل پی جی انڈسٹری کی بہتری کیلئے ایل پی جی پالیسی مرتب کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایل پی جی انڈسٹریز ایسوسی ایشن پاکستان کے فارمولے کے تحت حکومت سرکاری خزانے سے کچھ دیے بغیر ایل پی جی کی قیمت میں 50فیصد تک کمی لاسکتی ہے جس سے سرکاری خزانے پر کوئی بوجھ نہیں پڑے گا۔

انہوں نے کہاکہ جام شورو جوائنٹ وینچر پاکستان کے سب سے بڑے ایل پی جی پلانٹ کی بندش کے باعث سرکاری خزانے کو سالانہ 60ارب روپے کانقصان ہو رہا ہے،اس نقصان سے بچنے کیلئے جام شورو جوائنٹ وینچر لمیٹڈ (JJVL)فوری طور پر شروع کیا جائے۔
Load Next Story