شہباز گل سانس لینے میں دشواری پر اڈیالہ جیل سے اسپتال منتقل
شہباز گل کو سانس لینے میں دشواری اور سینے میں درد ہے، ذرائع
بغاوت پر اکسانے کے مقدمے میں زیرحراست پی ٹی آئی کے رہنما اور عمران خان کے سابق چیف آف اسٹاف شہباز گل کی جیل میں ایک بار پھر طبیعت ناساز ہوگئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق اڈیالہ جیل میں شہباز گل کی طبیعت ناساز اور انہیں دوبارہ سانس لینے میں دشواری، سینے میں تکلیف کی شکایت ہوئی جس پر جیل کے میڈیکل آفیسر نے پی ٹی آئی رہنما کا معائنہ کیا۔ بعد ازاں پمز سے بھی ڈاکٹرز کی ٹیم نے اڈیالہ جیل پہنچ کر شہباز گل کی صحت کا جائزہ لیا۔
مزید پڑھیں: اسلحہ برآمدگی کیس میں شہباز گل کی ضمانت بعد از گرفتاری منظور
ذرائع کے مطابق معائنے کے بعد جیل انتظامیہ نے شہباز گل کو اسپتال منتقل کردیا۔ ڈاکٹرز نے شہباز گل کو ادویات تجویز کرکے پابندی سے دوا لینے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب شہباز گل سے ان کے بھائی محمد یاسین اور سسر اسد اعجاز نے ملاقات بھی کی ہے۔