پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 11 روپے تک اضافہ
پیٹرول کی فی لیٹر قیمت 2 روپے 7 پیسے اضافہ کے بعد 235 روپے 98 پیسے تک پہنچ گئی
وفاقی حکومت نے یپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی بجائے 2.07 سے لے کر10.92 روپے فی لیٹر تک اضافہ کردیا ہے۔
وزارت خزانہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق آئندہ پندرہ روز کے لیے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 2.07روپے اور لائٹ ڈیڑل کی قیمت میں 9.79 پیسے اضافہ کیا گیا ہے۔ اسی طرح مٹی کا تیل 10.92 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل 2.99روپے فی لیٹر مہنگاکردیا گیاہے۔
اعلامیے کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات بارہ بجتے ہی شروع ہوگیا۔
وزارت خزانہ کی طرف سے جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق پیٹرول کی قیمت233.91 روپے سے بڑھ کر235.98روپے فی لیٹر، لائٹ ڈیڑل کی قیمت191.75 روپے اضافے سے 201.54 روپے فی لیٹر تک پہنچ گئیں۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیڑل آئل کی قیمت244.44 روپے سے بڑھا کر ک247.43روپے فی لیٹر جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت199.40 روپے سے بڑھا210.32 روپے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
قبل ازیں آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 16 روپے کمی جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 89 پیسے کمی کی سفارش کی تھی، جسے حکومت نے مسترد کردیا۔
وزارت پیٹرولیم کے ذرائع کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف شرائط، سیلاب سمیت دیگر مسائل کی وجہ سے پیٹرول پر مکمل ریلیف نہیں دیا جائے گا۔