ٹوئٹر نے ایڈیٹ فیچر کی آزمائش شروع کردی
اس فیچر کے استعمال کے لیے صارفین کو فیس ادا کرنی ہوگی
سماجی رابطے اور مائیکروبلاگنگ کے پلیٹ فارم ٹوئٹر کی جانب سے صارفین کے لیے ایڈیٹ کے آپشن کی آزمائش شروع کردی گئی۔
ٹوئٹر نے جمعرات کے روز ٹوئٹر ایڈیٹ بٹن متعارف کرانے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ صارفین کو کچھ ایڈیٹ شدہ ٹویٹ نظر آئیں گی کیوں کہ کمپنی اپنے ایڈٹ بٹن کی آزمائش کررہی ہے۔
ایک بلاگ پوسٹ میں کمپنی کا کہنا تھا کہ ایڈیٹ بٹن کے فیچر کی آزمائش اندرونی طور پر کی جارہی ہے اور رواں مہینے میں ہی یہ سروس ان صارفین کے لیے متعارف کرادی جائے گی جوسبسکرپشن کی مد میں معاوضہ اداکرتے ہوں گے۔
بلاگ پوسٹ کے مطابق وہ لوگ جو اس آزمائشی گروپ سے باہرہیں وہ بھی پلیٹ فارم پر یہ ایڈیٹ شدہ ٹویٹس دیکھ سکیں گے۔اگر کسی صارف کے پاس یہ بٹن ظاہر ہو تو اس کا مطلب ہے کہ اُسے بھی آزمائش کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔
ٹویٹر نے مزید وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ اس فیچر کو آزمائش کے بعد متعارف کرایا جائے گا مگر اس کا استعمال کرنے کے لیے صارفین کو فیس ادا کرنی ہوگی۔
واضح رہے ٹوئٹر کی جانب سے رواں سال اپریل میں کہا گیا تھا کہ کمپنی ایک سال سے ایڈیٹ فیچر پر کام کرہی ہے اور آئندہ مہینوں میں ٹوئٹر بلیو سبسکرائبرز کے لیے دستیاب ہوگی۔