کراچی اسٹاک مارکیٹ 104پوائنٹس کے اضافے سے27200کی حد بحال

47.34 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں،مالیت میں 18 ارب کا اضافہ،376 کمپنیوں کاروبار،178 میں اضافہ، 178 کے داموں میں کمی


Business Reporter March 18, 2014
کراچی اسٹاک ایکسچینج میں ٹریڈرزشیئرپرائسزبورڈدیکھ رہے ہیں، گزشتہ روزکے ایس ای100 انڈیکس 104.63 پوائنٹس کے اضافے سے 27229.10 پرآگیا ۔ فوٹو : آن لائن

ملک کے اقتصادی محاذ پر مثبت اطلاعات، پاکستان ڈیولپمنٹ فنڈ میں ترسیلات زرکی آمد اورملکی زرمبادلہ کے ذخائر بڑھنے جیسے عوامل کے سبب کراچی اسٹاک ایکس چینج میں پیر کو تیزی کا تسلسل قائم رہا جس سے انڈیکس کی27200 کی حد بحال ہوگئی۔

47.34 فیصد حصص کی قیمتیں بڑھ گئیں جبکہ حصص کی مالیت میں مزید18 ارب20 کروڑ52 لاکھ92 ہزار290 روپے کا اضافہ ہوگیا۔ ٹریڈنگ کے دوران سیمنٹ، گیس، بینکنگ کے علاوہ بڑے ٹیکسٹائل گروپس، ریفائنری اور کثیرالقومی کمپنیوں میں خریداری دلچسپی رہی۔ ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر192 پوائنٹس کی تیزی سے انڈیکس کی27300 کی حد بھی بحال ہوگئی تھی لیکن اس دوران غیرملکیوں، مقامی کمپنیوں اور این بی ایف سیز کی جانب سے مجموعی طور پر37 لاکھ65 ہزار516 ڈالر مالیت کے سرمائے کا انخلا کیا گیا جس سے تیزی کی مذکورہ شرح متاثر ہوئی لیکن دلچسپ امر یہ رہی کہ اس انخلا کے باوجود کاروبار کے تمام دورانیے میں مارکیٹ مندی میں نہیں گئی کیونکہ ٹریڈنگ کے دوران بینکوں ومالیاتی اداروں کی جانب سے20 لاکھ10 ہزار215 ڈالر، میوچل فنڈز کی جانب سے9 لاکھ98 ہزار236 ڈالر، انفرادی سرمایہ کاروں کی جانب سے6 لاکھ42 ہزار17 ڈالر اور دیگر آرگنائزیشنز کی جانب سے1 لاکھ15 ہزار48 ڈالر مالیت کی تازہ سرمایہ کاری کی گئی ۔

جو مارکیٹ کے مورال کو بلند کرنے میں معاون ثابت ہوئی نتیجتا کاروبار کے اختتام پر کے ایس ای100 انڈیکس 104.63 پوائنٹس کے اضافے سے 27229.10 اورکے ایس ای30 انڈیکس 29.05 پوائنٹس کے اضافے سے 19608.48 ہوگیا جبکہ اس کے برعکس کے ایم آئی30 انڈیکس1.40 پوائنٹس کی کمی سے45587.15 ہوگیا۔ کاروباری حجم گزشتہ جمعہ کی نسبت 21.48 فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر20 کروڑ 97 لاکھ43 ہزار 870 حصص کے سودے ہوئے جبکہ کاروباری سرگرمیوں کا دائرہ کار376 کمپنیوں کے حصص تک محدود رہا جن میں178 کے بھاؤ میں اضافہ 178 کے داموں میں کمی اور20 کی قیمتوں میں استحکام رہا۔ جن کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ ہوا ان میں وائتھ پاکستان کے بھاؤ199 روپے بڑھ کر 4699 روپے اور یونی لیور فوڈز کے بھاؤ65 روپے بڑھ کر9090 روپے ہوگئے جبکہ آئسلینڈ ٹیکسٹائل کے بھاؤ53.40 روپے کم ہوکر1022.20 روپے اور نیسلے پاکستان کے بھاؤ50 روپے کم ہوکر8700 روپے ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں