کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ ہونے تک کراچی پر خانہ جنگی کی تلوار لٹکتی رہے گی انیس قائمخانی

کے الیکٹرک کا دھوکے سے 35 روپے یونٹ چارج کرنا ناقابل برداشت ہے، انیس قائم خانی


Staff Reporter September 03, 2022
کے الیکٹرک کا دھوکے سے 35 روپے یونٹ چارج کرنا ناقابل برداشت ہے، انیس قائم خانی

پاک سر زمین پارٹی کے صدر انیس قائم خانی نے کہا ہے کہ کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ ہونے تک کراچی پر خانہ جنگی کی تلوار لٹکتی رہے گی۔

انیس قائم خانی نے ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل پاکستان کی رپورٹ کے مطابق کے الیکٹرک کا کراچی کے صارفین سے دھوکہ دہی سے 35 روپے فی یونٹ چارج کرنے کے عمل کو ناقابل برداشت قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ کے الیکٹرک غربت کی چکی میں پسے ہوئے عوام سے اووربلنگ اور زائد فیول ایڈجسمنٹ کی مد میں ناجائز آمدنی کے ذریعے ملک کو خانہ جنگی کی جانب دھکیل رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ طویل لوڈ شیڈنگ اور زائد بلنگ کی وجہ سے جہاں ایک جانب کراچی کے کارخانے بند اور کاروبار تباہ ہوگئے ہیں وہیں بدترین غربت اور مہنگائی کی وجہ سے لوگ بچوں سمیت خودکشیوں پر مجبور ہو چکے ہیں لیکن حکمرانوں کے کان پہ جوں تک نہیں رینگ رہی۔

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت جب تک کے الیکٹرک کا لائسنس منسوخ کرکے متعدد کمپنیوں کو بجلی بنانے اور ترسیل کے لائسنس جاری نہیں کرتی تب تک پاکستان کو 66 فیصد ریونیو دینے والے شہر کراچی پر خانہ جنگی کی تلوار لٹکتی رہے گی۔ حکومت ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر کے الیکٹرک کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں