کراچی میں ڈاکوؤں نے مزید دو نوجوانوں کو قتل کردیا

پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں تاحال ناکام


ویب ڈیسک September 04, 2022
پولیس ملزمان کو گرفتار کرنے میں تاحال ناکام۔ (فوٹو فائل)

شہر قائد کے علاقے ڈسٹرکٹ کورنگی کے دو تھانوں ماڈل کالونی اور لانڈھی کے علاقوں میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب ڈاکوؤں نے مزید دو نوجوانوں کو گولیاں مار کر قتل کردیا۔

تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ کورنگی کے تھانہ ماڈل کالونی کی حدود ملیر کاظم آباد ہیرا مسجد کے قریب ڈاکوؤں نے ملک و بیکری شاپ میں فائرنگ کر کے دکاندار کو زخمی کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے، زخمی ہونے والے شخص کو ایدھی ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ دوران سفر وہ خون زیادہ بہہ جانے کے باعث زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگیا۔

مقتول کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی، مقتول کے سینے اور بازو میں دو گولیاں ماری گئی تھیں۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مقتول کی شناخت 25 سالہ عثمان ولد مشتاق کے نام سے کی گئی، مقتول عثمان ملیر ماڈل کالونی جعفر باغ علی چوک کے قریب کا رہائشی اور ملک و بیکری شاپ کا مالک تھا، مقتول 3 بھائیوں میں دوسرے نمبر اور غیر شادی شدہ تھا۔

مقتول کا آبائی تعلق پنجاب کے علاقے لیہ سے تھا، جس نے تقریباً ڈیڑھ سال قبل مزکورہ دکان کھولی تھی، واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج ایکسپریس نیوز کو موصول ہوگئی۔ فوٹیج میں واضح طور پر دیکھا گیا کہ موٹرسائیکل سوار دو مسلحہ ملزمان نے دکان میں داخل ہونے کی کوشش کی جس پر دکان کے مالک نے ملزمان کے ہاتھ میں اسلحہ دیکھ کر انہیں روکنے کے لیے کی کوشش کی جس پر ملزمان نے مشتعل ہو کر فائرنگ کردی اور لوٹ مار کیے بغیر فرار ہوگئے۔

تفتیشی پولیس اور فارنزک ڈپارٹمنٹ کے افسران نے جائے وقوعہ سے دو خول اور فنگر پرنٹ اور دیگر شواہد اکھٹے کیے دوسری طور مقتول کے ورثا نے پوسٹ مارٹم اور پولیس کارروائی کرانے سے انکار کر دیا اور کہا کہ اس سے قبل بھی ان کے خاندان کے 3 افراد ڈاکوؤں کی گولیاں کا شکار بن چکے ہیں جن کے لیے پولیس نے کچھ بھی نہیں کیا ، خاندان کے ایک شخص کے قتل میں ملوث ڈاکوؤں کو پنجاب سے گرفتار بھی کیا گیا تاہم وہ بھی چھوڑ دیے گئے۔

ماڈل کالونی تھانے کے ڈیوٹی افسر نے مقتول کے رشتے داروں کو پوسٹ مارٹم کرانے کے لیے بہت سمجھانے کی کوشش کی تاہم انہوں نے پولیس کی ایک نہ سنی اور لاش ایدھی ایمبولینس میں رکھ کر اپنے ہمراہ گھر لے گئے، ڈسٹرکٹ کورنگی کے تھانہ لانڈھی کی حدود سیکٹر 36/B پیالہ ہوٹل پر ڈاکوؤں نے لوٹ مار کی واردات کے دوران مزاحمت کرنے پر 28 سالہ نوجوان کو تیز دھار آلے کے پے در پے وار کر ہلاک کر دیا اور موقع سے فرار ہوگئے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں