کراچی شادی کے معاملے پر دو بہنوں کی پانی کے ٹینک میں کود کر خودکشی

ہفتہ کی شب اہل خانہ سے تکرار ہوئی، جس کے بعد دونوں نے رات کسی وقت اپنے کمرے میں بنے پانی کے ٹینک میں کود گئیں، پولیس

—فائل فوٹو

شہر قائد کے علاقے اورنگی ٹائون میں گھر کے اندر پانی کے ٹینک سے دو بہنوں کی لاشیں ملیں جوکہ پراسرار طور پر ٹینک میں گر کر ہلاک ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹائون کے علاقے فقیر کالونی میں گھر کے اندر بنے پانی کے ٹینک سے دو بہنوں بائیس سالہ ثمینہ دختر حضرت گل اور اس کی بہن بیس سالہ امینہ کی لاشیں ملیں جوکہ پراسرار طور پر ٹینک میں گر کر ہلاک ہوگئیں۔

اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو ورکرز موقع پر پہنچ گئے اور لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا۔ اہل خانہ کا کہنا ہے کہ واقعہ خودکشی ہے۔


ایس ایس پی ویسٹ ڈاکٹر فرخ رضا نے بتایا کہ پولیس کو حاصل ہونے والی معلومات کے مطابق ابتدائی طور پر واقعہ پسند کی شادی کے معاملے پر تنازع ہوا، ہفتہ کی شب اہل خانہ سے دونوں بہنوں کی تکرار ہوئی تھی جس کے بعد دونوں نے رات کسی وقت اپنے کمرے میں بنے پانی کے ٹینک میں چھلانگ لگادی۔

انہوں نے بتایا کہ صبح جب گھر والوں نے انھیں اٹھانے کے لیے دروازہ کھٹکھٹایا تو دروازہ نہیں کھلا گیا جس پر اہل خانہ کو تشویش ہوئی اور دروازہ توڑ کر اندر داخل ہوئے تو پانی کے ٹینک میں دونوں کی لاشیں نظر آئیں۔

پولیس واقعے کی مزید تحقیقات کررہی ہے ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ واقعہ پراسرار معلوم ہوتا ہے ، پولیس اہل خانہ کے بیانات باضابطہ طور پر قلمبند کرے گی ، قتل سمیت ہر زاویے سے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔

 
Load Next Story